فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقد ہونیوالے 2024 کے اولمپکس کے لیے ایران کی قومی اولمپک کمیٹی نے اپنے کھلاڑیوں کے دستہ کا نام صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی کے احترام میں ’خادم الرضا‘ رکھا ہے، جو امام رضا علیہ السلام کے یوم پیدائش کے موقع پر ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہید ہو گئے تھے۔
مزید پڑھیں
ایران کی قومی اولمپک کمیٹی کی مجلس عاملہ نے گزشتہ روز یعنی 19 مئی کو اپنے اولمپک دستے کے نام کا فیصلہ کرنا تھا، لیکن صدر ابراہیم رئیسی کی وزیر خارجہ امیر حسین عبداللہیان سمیت دیگر رفقا کی شہادت کے بعد یہ اجلاس اگلے ہفتے کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔
اسلامک ری پبلک نیوز ایجنسی یعنی ارنا کے مطابق قومی اولمپک کمیٹی کے سربراہ محمود خسروی وفا نے ایرانی ٹی وی کے چینل 3 پر کھیلوں کے پروگرام میں بتایا کہ یہ نام جاں بحق ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی کی گراں قدر قومی خدمات کے اعتراف اور ان کی عظیم یاد میں منتخب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران آئندہ جولائی میں فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں متوقع 2024 کے اولمپک گیمز کے لیے 34 کوٹے حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔