کسوۂ کعبہ ہر سال اونچا کیوں کیا جاتا ہے؟

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غلاف کعبہ یا کسوۂ کعبہ ہر سال زمین سے 3 میٹر اونچا کردیا جاتا ہے، اس سال بھی حرم شریف کی انتظامیہ نے کسوۂ کعبہ کو 3 میٹر اونچا کردیا ہے، سوال یہ ہے کہ ہر سال یہ عمل کیوں کیا جاتا ہے۔

کسوۂ کعبہ پر پورا سال کام کیا جاتا ہے، جس کے لیے مکہ مکرمہ میں ایک فیکٹری مختص کی گئی ہے، جس کی ایک تاریخی حیثیت بھی ہے، بڑے اہتمام کے ساتھ کسوۂ کعبہ پر دقیق سے دقیق کام کرکے اسے حرم شریف کی انتظامیہ کے حوالے کیا جاتا ہے، جس کے بعد ماہ محرم میں کسوۂ کعبہ کی تبدیلی کا عمل شروع ہوتا ہے۔

مگر اس سے قبل ماہ ذی القعدہ کے نصف میں غلافِ کعبہ کو چاروں طرف سے زمین سے تین میٹر اونچا کرنے کا عمل بھی کیا جاتا ہے،اس کی بنیادی وجہ حج کے ایام میں کعبہ کی چادر کو نقصان سے بچانا ہوتا ہے۔

اس بات کی وضاحت کئی دفعہ حرم کی انتظامیہ کر چکی ہے کہ عازمینِ حج میں سے کچھ حجاج ازراہ تبرک کسوۂ کعبہ کو حاصل کرنے کے لیے اس کا چھوٹا ٹکڑا کاٹ کر ساتھ لے جاتے تھے، یوں غلافِ کعبہ کو نقصان پہنچتا تھا اور اس کی زیبائش خراب ہو جاتی تھی، جس کی وجہ سے اسے طواف کرنے والوں کی پہنچ سے وقتی طور پر دور کر دیا جاتا ہے اور اختتامِ حج پر دوبارہ اپنی اصلی حالت میں بحال کر دیا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp