بھارت میں ان دنوں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) زور و شور سے جاری ہے جس میں شارخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈر (کے کے آر) پہلے کوالیفایئر میں شاندار فتح کے ساتھ فائنلز میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
شاہ رخ خان اور ان کی فیملی کو کولکتہ نائٹ رائیڈر کے ہر میچ میں ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے دیکھا جاتا ہے۔ لیکن اب قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ شارخ خان اپنی ٹیم کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود نہیں ہوں گے۔
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ شاہ رخ خان ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈر کے میچ کے لیے احمد آباد میں موجود تھے جہاں گرمی کے سبب وہ ہیٹ اسٹروک کا شکار ہو گئے جس کے بعد انہیں فی الفور اسپتال لے کر جایا گیا جہاں بعد ازاں ان کی طبیعت میں بہتری آ گئی۔
لیکن شائقینِ کرکٹ شاہ رخ خان کی فائنل میچ میں شرکت سے متعلق سوال کرتے دکھائی دیے کہ کیا وہ اپنی ٹیم کا فائنل دیکھنے اسٹیڈیم میں آئیں گے یا نہیں۔ جس کا جواب کے کے آر کی ‘کو اونر’ جوہی چاولہ نے دیا۔
جوہی چاولہ نے کہا کہ شاہ رخ خان اب پہلے سے کافی بہتر محسوس کررہے ہیں۔ ہمیں اُمید ہے کہ شاہ رخ خان بہت جلد مکمل صحتیاب ہوجائیں گے اور وہ اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی حوصلہ افزائی کے لیے آئی پی ایل کے فائنل میں ضرور شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا فائنل رواں ماہ 26 مئی کو کھیلا جائے گا۔