لیاری گینگ وار کا اہم شوٹر پولیس مقابلے میں مارا گیا، 2 زخمی حالت میں گرفتار

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پولیس کے مطابق رات گئے تھانہ پاک کالونی پولیس کا پرانا گولیمار میں گینگ وار گروہ کے کارندوں سے مقابلہ ہوا، قتل، اقدام قتل و متعدد سنگین جرائم میں ملوث کاشف گروپ کا شوٹر ہلاک ہوگیا، 2ساتھی زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔

ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت امام بخش کے نام سے ہوئی، اور زخمی ہونے والوں کی شناخت محمد عرفان اور ارشد کے ناموں سے ہوئی۔ جبکہ نبی بخش عرف بابا، آصف سندھی اور بادل بلوچ نامی 3 ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 4 عدد 9 ایم ایم پستول بمعہ ایمونیش برآمد کرلیے گئے۔ ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کاشف ڈاڈا گروپ سے ہے۔

گزشتہ رات ایس ڈی پی او پاک کالونی تابش علی اور ایس ایچ او پاک کالونی راجہ خالد محمود کی سربراہی میں پولیس پارٹی ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پرانا گولیمار پہنچی، جہاں ملزمان کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ہلاک ملزم امام بخش گینگ وار کاشف ڈاڈا گروہ کا شوٹر تھا جبکہ زخمی دونوں ملزمان منشیات سپلائی کرتے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہلاک ملزم امام بخش دو روز قبل پرانا گولیمار میں فائرنگ کے واقع کے دوران مخالف گروپ کے فیضان نامی شخص کو ہلاک اور ابراہیم نامی شخص کو زخمی کرنے میں بھی ملوث ہے۔

ہلاک ملزم کاشف ڈاڈا گروپ کا اہم شوٹر تھا جوکہ مخالفین پر حملوں، قتل، اقدام قتل سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث تھا۔

ملزم کی پولیس مقابلے میں ہلاکت بڑی کامیابی ہے جس سے پرانا گولیمار و ملحقہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp