وفاق سے پہلے صوبائی بجٹ پیش کرنے والے عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں، وزیر اطلاعات عطا تارڑ

جمعہ 24 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت کل بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے، تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ وفاقی حکومت سے پہلے صوبائی حکومتیں اپنا بجٹ پیش کریں، یہ وفاقی حکومت کے بجٹ تخمینہ کا خود تعین کرنے چلے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت کا یہ اقدام قوم کو بے وقوف بنانے کے مترادف ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے وزیر تجارت جمال کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، موجودہ قیادت پر متحدہ عرب امارات کا اعتماد غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، متحدہ عرب امارات نے 10 ارب ڈالر پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مختص کیے ہیں۔

’ہمارے مخالفین کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی، جبکہ ہماری حکومت کے طرز عمل میں سنجیدگی کا پوری دنیا مشاہدہ کر رہی ہے‘۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے پاس بے پناہ صلاحیتیں اور وسائل موجود ہیں، پاکستان کی ان صلاحیتوں کو دنیا جانتی اور مانتی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف ڈیلیور کرنا جانتے ہیں، انہوں نے واضح کیا ہے کہ ہمیں امداد نہیں چاہیے، ملک میں سرمایہ کاری کی جائے۔

ایس آئی ایف سی پاکستان کی لائف لائن ہے، عطا تارڑ

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کی آئی ٹی کمپنیوں کے درمیان معاہدوں پر دستخط ہوئے، ہم جہاں جاتے ہیں سرمایہ کاری اور تجارت کی بات کرتے ہیں۔ ایران کے مرحوم صدر نے بھی پاکستان سے تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کی بات کی تھی، مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دوست ممالک کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے۔

’مخالفین پاکستان کی معیشت کو ڈبونے کے لیے جو حرکات و سکنات کر رہے ہیں، وہ پوری قوم دیکھ رہی ہے‘۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ایک طرف تو دوست ممالک کا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے اعتماد بحال ہورہا ہے اور دوسری طرف مخالفین نے سوشل میڈیا پر ایس آئی ایف سی کے خلاف پراپیگینڈا شروع کردیا ہے، جنہوں نے ملک کو تباہ کیا اب وہ ایس آئی ایف سی کے درپے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp