خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم مبینہ دہشتگردوں نے اسلحہ کی نوک پر مسافروں کو اتار کر بس کو آگ لگا دی، جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان ) پولیس نے بتایا کہ واقعہ دور افتادہ تحصیل درابن میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افرادنے مسافر بس کو روک دیا، ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر بس کو آگ لگا دی، جس سے بس مکمل طور پر جل گئی۔
مزید پڑھیں
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ واقعہ ڈی آئی خان سے 55 کلو میٹر دور تحیصل درابن اور درازندہ کے سرحدی علاقے میں پیش آیا ہے۔ اطلاع ملنے کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ حملے کے وقت بس میں 32 مسافر سوار تھے، بس درابن سے ڈی آئی خان آ رہی تھی۔ پولیس نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کسی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم دہشتگردوں کے تشدد کی وجہ سے ڈرائیور کو چوٹیں آئی ہیں۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ حملے کے بعد دہشتگرد فرار ہو گئے جب کہ ان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد مسافر خوف کی حالت میں تھے جنہیں بحفاظت وہاں سے اپنے علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ درابن اور درازندہ ضلع ڈی آئی خان کے دور افتادہ علاقے ہیں، جو دہشتگردوں کے گڑھ سمجھے جاتے ہیں، ان علاقوں میں ماضی میں بھی اس طرح کے متعدد ناخوشگوار واقعات رونما ہو چکے ہیں۔