سابق صدر مملکت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سینیئر رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات ایک ایسا پریشر ککر ہے جو آنے والے کچھ دنوں میں پھٹنے والا ہے جس کی وجہ سے اقتدار پر غاصبانہ، ظالمانہ اور جھوٹا قبضہ کرنے والے جھلس جائیں گے۔
مزید پڑھیں
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ڈاٹ کام پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں ڈاکٹر عارف علوی نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے بیان کو منسلک کرتے ہوئے لکھا ہے کہ موجودہ حالات میں ایک ایسا پریشر ککر ہے جو آنے والے دِنوں میں پھٹ جائے گا اور اس کا نقصان ان لوگوں کو نہیں ہو گا جنہوں نے بیرون ملک فرار کے راستے بنائے ہیں، بلکہ یہ غریب لوگوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
پریشر کُکر کسی بھی دن پھٹ جائے گا اور جھلس کر رکھ دے گا، خاص طور پر اُن لوگوں کو جنکا اقتدار پر جھوٹا، غاسبانہ اور ظالمانہ قبضہ ہے۔
مگر نقصان کس کو پہنچے گا؟
بھاگنے والے راہ فرار اختیار کریں گے، وہ جنہوں نے بیرون ملک راستے ہموار کیئے ہوئے ہیں اور ہمارا لوٹا ہوا مال و دولت سب… https://t.co/u9WYl1QmvE
— Dr. Arif Alvi (@ArifAlvi) May 26, 2024
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اس پریشر ککر کے پھٹنے سے نقصان عوام کو ہو گا، اس کے پھٹنے کا نقصان ہم جیسے ان لوگوں کا ہو گا، جنہوں نے اپنے ملک میں جینے اور مرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کو ہم بچائیں گے، عزت کے ساتھ خوش حال بنائیں گے، ملک میں جاری لوٹ مار کو ختم کریں گے، ایسا سب اللہ کے فضل و کرم اور بانی پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کی قیادت میں ہی ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ پاکستانیو بس کچھ دن رہ گئے ہیں، انتظار کرو۔
واضح رہے کہ بحریہ ٹاؤن کے مالک، ملک ریاض حسین نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ساری زندگی مجھے اپنے اصول پر قائم رہنے کی رہنمائی کی ہے کہ میں کسی بھی معاملے میں سیاسی فریق نہ بنوں۔ اب ایک سال سے زیادہ عرصے سے، مجھ پر سمجھوتا کرنے کے لیے بہت دباؤ ہے، لیکن میں کبھی بھی کسی کو اجازت نہیں دوں گا کہ وہ مجھے سیاسی مقاصد کے لیے پیادے کے طور پر استعمال کرے۔