پاکستان مسلم لیگ ن کے نئے صدر کا انتخاب قریب آچکا ہے، پارٹی کا الیکشن کمیشن آج کاغذات نامزدگی جاری کرے گا۔ کل سہہ پہر 4 بجے پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل نئے صدر کا انتخاب کرے گی، تاہم نواز شریف کا بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں
مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پارٹی کے 5 رکنی الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی سربراہی رانا ثنا اللہ نے کی۔ الیکشن کمیشن کے دیگر اراکین میں اقبال ظفر جھگڑا، عشرت اشرف، جمال شاہ کاکڑ اور کھیل داس کوہستانی شامل ہیں۔
پارٹی الیکشن کمیشن کے مطابق پارٹی کے صدر کے عہدے کے الیکشن میں حصہ لینے کے امیدوار آج صبح 9 سے شام 5 بجے تک پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن سے کاغذات نامزدگی حاصل کرسکیں گے، کاغذات نامزدگی کل صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے کے درمیان پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں جمع کروائے جا سکیں گے۔
پارٹی صدر کے عہدے کے الیکشن کے لیے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل دوپہر 1 بجے سے 2 بجے کے درمیان ہوگی، جس کے بعد کل سہہ پہر 4 بجے پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل نئے صدر کا انتخاب کرے گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق قائد میاں محمد نواز شریف کا مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کا امکان ہے۔
اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی آئین میں ترامیم بھی منظور کروائی جائیں گی، اجلاس میں صدر کے عہدے کا انتخاب کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں کشمیر، فلسطین سمیت مختلف معاملات پر قرادادیں منظور کی جائیں گی، قائم مقام صدر شہباز شریف اجلاس سے خطاب کریں گے، جس کے بعد نومنتخب صدر بھی اجلاس سے خطاب کریں گے۔