چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں 175 سیاسی جماعتیں ہیں، کسی سیاسی جماعت نے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے۔ پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخاب الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کروائے تھے۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن میں انٹرا پارٹی انتخابات پر مختصر سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی نے 3 مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن کروائے تھے۔ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات پر نوٹس بھیجا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات ہیں۔ لیکن ہمارے پاس الیکشن کمیشن کی آبزرویشن آئے گی تو ہم اس کا جواب دیں گے۔
مزید پڑھیں
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم نے انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے سوشل میڈیا پر بھی آگاہ کردیا تھا۔ وفاق اور کے پی کے میں کوئی پینل نہیں آیا، ہمیں امید ہے کہ ہمارا انٹرا پارٹی الیکشن آئینی اور صاف شفاف ہے۔ اب ہمیں بلے کا نشان اور پارٹی سرٹیفیکیٹ بھی ملنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی درجہ حرارت کم ہونا چاہیے۔ ہمارے ساتھ جو زیادتیاں ہونی تھی ہو چکی ہیں اب انصاف ہونا چاہیے۔ عام انتخابات میں ہم بائیکاٹ کی طرف نہیں گئے اپنے حقوق کے لیے باہر نکلے، عوام نے بینگن اور چمٹے کو ووٹ دیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو اعتراضات پر جواب جمع کرانے کی ہدایت، سماعت ملتوی
قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن پر اعتراض کے کیس پر سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان اور رؤف حسن الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے ڈی جی پولیٹیکل فنانس مسعود اختر کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا 23 نومبر اور 22 دسمبر کا فیصلہ ہے۔ پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات کرائے، انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات ہیں اس کی وضاحت ضروری ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو جو بھی اعتراض ہے اس کا جواب دیں گے، ہمیں اعتراضات کی تفصیلات نہیں دی گئیں۔ الیکشن کمیشن نے اعتراضات کی تفصیلات پی ٹی آئی کو فراہم اور چیئرمین پی ٹی آئی کو اعتراضات پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔