عامر خان کے بیٹے جنید خان ’مہاراج‘ کے روپ میں بالی ووڈ انٹری دیں گے

پیر 27 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بیٹے جنید خان او ٹی ٹی سے ڈیبیو کرنے کو تیار ہیں۔ ان کی پہلی فلم ’مہاراج‘ کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔ مہاراج آئندہ ماہ جون 2024 میں ریلیز کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ فلم کا پریمیئر 14 جون کو ہوگا۔

فلم مہاراج میں شروری، جیدیپ اہلاوت اور شالنی پانڈے نے بھی خصوصی کردار ادا کیے ہیں۔ دی رومانٹکس اور دی ریلوے مین کے بعد یہ یش راج فلمز کا تیسرا ڈائریکٹ ٹو ڈیجیٹل پروجیکٹ ہے۔ فلم کی شوٹنگ اکتوبر 2023 میں مکمل ہوئی تھی اور اس کے فوراً بعد میکرز نے فلم کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔

فلم مہاراج کا ٹریلر 5 جون کو ریلیز کیا جائے گا، جس کے بعد فلم کو 9 دن بعد او ٹی ٹی پر ریلیز کیا جائے گا۔ مہاراج کو سدھارتھ پی ملہوترا نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ جنہوں نے آخری بار، یش راج فلمز کے لیے رانی مکھرجی کی فلم ہچکی کی ہدایت کاری کی تھی۔ فلم پروڈکشن ہاؤس ’یش راج فلمز‘ باصلاحیت اداکاروں کو لانچ کرنے کے لیے مشہور ہے۔

فلم کی کہانی 1862 میں برٹش انڈیا میں رونما ہونے والے سچے واقعے کے گرد گھومتی ہے۔ جنید خان فلم میں صحافی کا کردار ادا کررہے ہیں جو معاشرے کی ایک بااثر شخصیت کے سامنے اُٹھ کھڑا ہوتا ہے۔ 29 سالہ جنید خان کی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کی کہانی 2019 میں شروع ہوئی جب عامر خان نے اشارہ دیا تھا کہ ان کے بیٹے جنید خان بھی جلد فلم انڈسٹری میں آئیں گے۔ تاہم وہ بیٹے کے لیے کسی اچھی کہانی پر مبنی فلم کے منتظر تھے۔

جنید خان نے لاس اینجلس میں امریکن اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹس سے ٹریننگ حاصل کی ہے۔ انہوں نے جرمن ڈراما نگار ’برتولت بریخت‘ کے کھیل ’مدر کریج اینڈ ہر چلڈرن‘ سے تھیٹر سے اپنا کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ فلموں میں قدم رکھنے سے پہلے وہ بھارتی ٹی وی شو ’ماسٹر مائنڈز‘ کا حصہ بھی تھے۔ انہوں نے فلم ’پی کے‘ میں ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی کے ساتھ بھی کام کیا جس میں ان کے والد نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

سپر اسٹار کا بیٹا ہونے کے باوجود جنید خان 15 آڈیشنز میں فیل ہوئے تھے اور انہیں آسانی سے ڈیبیو فلم نہیں ملی۔ نہ عامرخان نے بیٹے کی مدد کی، نہ ان کی کسی ہدایت کار یا فلم ساز سے سفارش کی۔ جنید خان اپنے طور پر بہت سے ڈائریکٹرز سے ملاقاتیں کرتے رہے اور آڈیشنز دیتے رہے۔ 15 آڈیشنز میں فیل ہونے کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔

عامر خان کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کو خود اپنی زندگی کے فیصلے کرنے چاہئیں۔ وہ کیرئیر میں کیا کریں گے، اس کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔ جنید خان کا جھکاؤ تخلیقی مواد اور فلم سازی کی طرف ہے، وہ اپنے راستے پر چل رہے ہیں۔ عامر خان نے بحیثیت والد بیٹے کو اپنا راستہ خود تلاش کرنے اور اس پر چلنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp