اسلام آباد میں 24 گھنٹوں کے دوران غیرملکی شہریوں کو لوٹنے کے 2 واقعات سامنے آگئے، پہلا واقعہ ایف 6 مرکز سپر مارکیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں پولینڈ سے آئی خاتون سے نقدی چھینی گئی۔ دوسرا واقعہ آئی ایٹ مرکز میں پیش آیا جہاں ملزمان نے گن پوائنٹ پر امریکی فیملی سے نقدی اور موبائل چھین لیے۔
مزید پڑھیں
پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے ایف 6 مرکز سپر مارکیٹ میں پولینڈ کی شہری خاتون کو لوٹ لیا گیا۔ 2 ملزمان نے پولیس اہلکار بن کر غیرملکی خاتون کو چیکنگ کے بہانے روکا اور اس سے نقدی چھین لی۔
ملزمان خاتون سے 500 پاؤنڈ اور یوروز لے کر فرار ہوگئے۔ جعلی پولیس اہلکار بن کر واردات کرنے والوں نے وردی نہیں پہنی تھی۔
اطلاع ملنے پر تھانہ کوہسار پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
شہر اقتدار میں ایک اور غیر ملکی شہری فیملی سمیت ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹ گیا، آئی ایٹ مرکز میں امریکی شہری ڈیوڈ کو بیوی اور بیٹی سمیت لوٹ لیا گیا۔
امریکی فیملی اپنی گاڑی میں موجود تھی، اچانک گاڑی کے پاس موٹر سائیکل سوار 3 ڈاکو آئے، مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر فیملی سے 2عدد آئی فون اور پاکستانی 3000 روپے چھین لیے۔
تھانہ آئی نائن نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا، پولیس ملزمان کا تاحال کوئی سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔