پاپوا نیو گنی میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث 2 ہزار سے زیادہ افراد ملبے تلے دب کر ہلاک

پیر 27 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاپوا نیو گنی کی حکومت نے کہا ہے کہ ملک کے شمالی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 2 ہزار سے زیادہ افراد ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئے ہیں۔

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق، پاپوا نیو گنی کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے نے اقوام متحدہ کو بذریعہ خط آگاہ کیا ہے کہ دشوار گزار راستوں کے باعث متاثرہ علاقے میں امداد پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے اور بچ جانے والوں کو تلاش کرنے کی امیدیں بھی دم توڑ رہی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کی صبح تقریباً 3 بجے ہونے والی لینڈسلائیڈنگ سے 6 دیہات متاثر ہوئے تھے، اس وقت زیادہ تر افراد اپنے گھروں میں سوئے ہوئے تھے۔

لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں 150 گھر 2 منزلہ عمارت جتنے اونچے ملبے تلے دب گئے تھے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ ایک گاؤں کے رہائشی نے بتایا کہ اس کے خاندان کے 18 افراد ملبے تلے دبے ہیں۔

72 گھنٹے گزر جانے کے باوجود ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نہیں نکالا جاسکا اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت روایتی اوزاروں سے کھدائی میں مصروف ہیں۔ ملبے سے اب تک صرف 7 لاشیں نکالی جاسکی ہیں۔

آسٹریلیا نے پاپوا نیو گنی میں لینڈسلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے 25 لاکھ ڈالر دینے جبکہ چین نے امدادی کاموں میں تعاون کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp