28 مئی سے یکم جون تک بارشیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الرٹ جاری

پیر 27 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا اور پنجاب میں 28 مئی سے یکم جون تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر دونوں صوبوں کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پیشگی ہدایات جاری کردیں۔

پختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران گرد آلود ہوائیں، آندھی اور جھکڑ چلنے کے علاوہ بارش کے دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنائے۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ کسان اپنی فصلوں کو پانی دینے کے معمولات اور خصوصاً گندم کی کٹائی کے علاقوں میں موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔

پی ڈی ایم اے نے حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت دی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے انتظامیہ کو کہا ہے کہ حساس اضلاع میں آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔

دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بھی 28 مئی سے یکم جون کے درمیان متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp