کیا پیپلز پارٹی بجٹ سے قبل وفاقی کابینہ میں شمولیت اختیار کرے گی؟

منگل 28 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے وفد کی گزشتہ روز ملاقات ہوئی جس کے بعد قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں کہ ن لیگ نے پیپلز پارٹی کو کابینہ میں شمولیت کی ایک مرتبہ پھر دعوت دے دی ہے اور چاہتی ہے کہ پیپلز پارٹی بجٹ اجلاس سے قبل کابینہ میں شمولیت اختیار کر لے۔

وی نیوز نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے سینیئر رہنماؤں سے گفتگو کی اور ان سے جاننے کی کوشش کی کہ کیا پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ میں شامل ہو رہی ہے اور کیا یہ شمولیت بجٹ اجلاس سے پہلے ہو جائے گی؟

پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قمر زمان کائرہ نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے فی الحال وفاقی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی گزشتہ روز ہونے والی ملاقات وفاقی کابینہ میں شمولیت اختیار کرنے سے متعلق تھی، اس ملاقات میں دیگر امور زیر بحث آئے تھے۔

پیپلز پارٹی کو من پسند وزارتیں آفر نہ کرنے سے متعلق سوال پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ ہی نہیں کیا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اب تک تو ن لیگ کی جانب سے کابینہ میں شمولیت کی آفر کی جارہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی آمادگی کا اظہار نہیں کر رہی تاہم اگر پیپلز پارٹی نے یہ فیصلہ کرلیا کہ کابینہ میں شامل ہونا ہے تو اس کے بعد طے کیا جائے گا کہ کون سی وزارتیں لی جائیں۔

مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں ن لیگ نے پیپلز پارٹی کو کابینہ میں شامل ہونے کے لیے یا کسی خاص وزارت کے دینے یا نہ دینے کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی البتہ مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی کو پہلے ہی وفاقی کابینہ میں شمولیت کی دعوت دے چکی ہے اور اب بھی وہ آفر موجود ہے، پیپلز پارٹی جب چاہے کابینہ میں شامل ہوسکتی ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ابھی تو پیپلز پارٹی نے کابینہ میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ ہی نہیں کیا تو من پسند وزارتیں دینے یا نہ دینے کی بات کیسے ہوسکتی ہے۔

بجٹ اجلاس سے قبل پیپلز پارٹی کی کابینہ میں شمولیت کے حوالے سے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بجٹ سے قبل تو یہ مشکل لگ رہا ہے کہ کیونکہ بجٹ اجلاس 5 جون سے شروع ہے اور 9 جون کو بجٹ پیش کر دیا جائے گا، ابھی کابینہ میں ردوبدل کا وقت نہیں ہے اور میرے خیال میں اب جو بھی ہو گا بجٹ اجلاس کے بعد ہی ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp