اینگرو کا دیوالیہ ہونے کا خطرہ، واجبات کی ادائیگی کے لیے سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی کو خط

منگل 28 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کے الیکٹرک کے بعد اینگرو پاور جن نے بھی واجبات نہ ملنے کی صورت میں خطرے کی گھنٹی بجاد دی، اور سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی کے سی ای او کو لکھے خط میں 29مئی 2024تک واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کردیا۔

اینگرو پاورجن تھر نے سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی کو واجبات کی ادائیگی کے لیے خط لکھ ڈالا، اینگرو نے لکھا کہ بجلی کی مد میں واجبات کی مالیت 76ارب روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔ ایک سال میں کمپنی کے واجبات 39.5 ارب روپے سے بڑھ کر 76 ارب روپے کی بلند سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

خط کے متن کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے مالیاتی مسائل میں اضافہ ہوا ہے، اپنے سپلائرز اور پارٹنرز کو ادائیگیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس سے پاور پلانٹ کے آپریشنز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اینگرو پاور جن تھر کے مطابق رواں سال کی اب تک اوسط ریکوری کی شرح 75 فیصد ہے۔ اینگرو پاور جن تھر کو ایک ایسے بحران کا سامنا ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔ اگر سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی نے فوری توجہ نہ دی تو ممکنہ طور پر کمپنی کے ڈیفالٹ کرجانے کا خطرہ ہے۔

خط میں مزید لکھا گیا کہ 75ارب روپے کے پچھلے واجبات کے ساتھ 15ارب روپے کی اضافی ادائیگیاں کی جائیں، اینگرو پاور جن تھر پاور پرچیز ایگری منٹ اور انٹرایجنسی ایگری منٹ ہے، اس کے تحت کمپنی کو ساورن گارنٹی ان کیش کرانے سمیت واجبات کی عدم ادائیگی پر آپریشنز معطل کرنے کا حق حاصل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp