سابق وزیراعظم پاکستان و نومنتخب صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم 9 مئی والے نہیں 28 مئی والے ہیں، عمران خان کو اپنے کیے کا جواب دینا ہوگا۔
مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ ثاقب نثار نے تو مجھے زندگی بھر کے لیے ہٹا دیا تھا لیکن کارکن واپس لے کر آئے ہیں۔
مزید پڑھیں
صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے کہاکہ پاکستان کی خوشحالی صرف 4 سے 5 لوگوں نے چھین لی، میں ان سے پوچھتا ہوں کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر کس ملک کے وزیراعظم کو گھر بھیجا جاتا ہے۔
نواز شریف نے کہاکہ 2013 میں حکومت بننے کے بعد میں بنی گالا میں عمران خان کے گھر گیا اور مل کر چلنے کی بات کی مگر بعد میں وہ لندن گئے اور وہاں ہمارے خلاف پلان بنایا گیا۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ لندن پلان کے بعد مجھے جنرل ظہیر الاسلاام نے کہاکہ استعفیٰ دے کر گھر جائیں لیکن میں نے کہاکہ نواز شریف کبھی استعفیٰ نہیں دیتا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان ہمیں طعنہ دینے سے پہلے بتائیں کہ کیا آپ کو تیسری سیاسی قوت کے طور پر نہیں لایا گیا، انہی لوگوں نے تو آپ کی سیاست کی بنیاد رکھی ہے، اگر ایسا نہیں تو میں سیاست چھوڑنے کے لیے تیار ہوں۔
امریکی صدر نے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے عوض 5 ارب ڈالر کی پیشکش کی
سابق وزیراعظم نے کہاکہ ایٹمی دھماکوں سے قبل امریکی صدر نے 5 ارب ڈالر دینے کا کہا لیکن میں نے کہاکہ ہم اپنی غیرت کا سودا نہیں کرسکتے۔
نواز شریف نے کہاکہ عمران خان جیسا کوئی شخص اگر حکمران ہوتا تو 5 ارب لے لیتا مگر ایٹمی دھماکے نہ کرتا۔
صدر مسلم لیگ ن نے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ اور مریم محنت کریں، 2 سال مشکل ہوں گے اور پھر اس کے بعد 3 سال اچھے گزریں گے۔
انہوں نے کہاکہ بڑے اتار چڑھاؤ آئے لیکن شہباز شریف استحکام کے ساتھ میرے ساتھ کھڑے رہے۔ ’ان کو کہا گیا کہ نواز شریف سے الگ ہوجائیں آپ کو وزیراعظم بناتے ہیں لیکن انہوں نے اس کو رد کردیا‘۔
نواز شریف نے کہاکہ مریم نواز نے بھی مشکل وقت میں پارٹی کو متحرک رکھا اور جیلیں بھی کاٹیں۔
’میرے ساتھیوں نے جیلیں کاٹیں لیکن اُف تک نہیں کی‘
سابق وزیراعظم نے کہاکہ میرے ساتھیوں نے مشکل وقت میں میرے ساتھ جیلیں کاٹیں لیکن کبھی اف تک نہیں کی اور ان لوگوں میں شاہد خاقان عباسی بھی شامل ہیں۔
نواز شریف نے کہاکہ 1990 میں ہم نے ترقی کا جو سفر شروع کیا تھا اس میں اگر خلل نہ آتا تو پاکستان آج اس خطے کی بڑی طاقت ہوتا، لیکن ٹانگیں کھینچنے کا سلسلہ اس وقت سے جاری ہے۔
نواز شریف نے کہاکہ پاکستان کے لیے کام کرنے والوں کی 1947 سے ٹانگیں کھینچی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے 2017 میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا تھا، اس کے علاوہ ملک کو دہشتگردی کی لعنت سے پاک کیا مگر ترقی کو آگے نہ بڑھنے دیا گیا۔