اسرائیلی فورسز کا رفح میں فلسطینیوں کے کیمپ پر حملہ، 21 افراد شہید

منگل 28 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر بمباری کا سلسلہ تھم نہ سکا، غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں کیمپ پر فضائی حملے کے دوران 21 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مغربی رفح کے علاقے المساوی میں بے گھر فلسیطنیوں کے کیمپ پر فضائی حملہ کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں کو اس علاقے میں منتقل ہونے کا کہا تھا کہ یہ محفوظ مقام ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والوں کی میتوں اور زخمیوں کو انٹرنیشنل میڈیکل کور کے فیلڈ اسپتال لے جایا گیا ہے کیونکہ وہاں کوئی ہیلتھ سینٹر موجود نہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے 2 روز قبل بھی رفح میں بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 75 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے ایک آپریشن کے بعد سے اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان جنگ جاری ہے جس کے نتیجے میں 35 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp