رفح میں اسرائیلی بربریت: بالی ووڈ اداکاروں نے بھی خاموشی توڑ دی

بدھ 29 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کے فنکاروں نے بھی فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت پر خاموشی توڑ دی۔ بالی ووڈ اداکارسوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر جاری ’آل آئیز آن رفع‘ مہم کا حصہ بن گئے۔

 غزہ میں 7 اکتوبر سے اسرائیلی جارحیت جاری ہے۔ غزہ کے شہر رفح میں اسرائیلی فوج کہ بہیمانہ کارروائیوں کے تناظر میں ‘آل آئیز آن رفح’ کی مہم بھی زور پکڑتی جا رہی ہے۔

کئی مشہور شخصیات کی جانب سے #AllEyesOnRafah ہیش ٹیگ کے ساتھ پیغامات شیئر کیے جا رہے ہیں اور فلسطینیوں کے لیے آواز بھی اٹھائی جا رہی ہے۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف سوشل میڈیا پر زور پکڑنے والی مہم ’آل آئیز آن رفح‘ کا چند بالی وڈ ستارے بھی حصہ بنے ہیں۔

’آل آئیز آن رفح‘ کا حصہ بننے والے بالی ووڈ ستاروں میں عالیہ بھٹ، ورن دھون، ملائکہ اروڑا، نورا فتیحی، بھومی پڈنیکر، سونم کپور، کرینہ کپور اور ترپتی دمری بھی شامل ہیں۔

بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے یونیسیف کی ایک پوسٹ انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی جس میں بتایا گیا کہ کس طرح کیمپوں میں سے شہید اور جھلسے ہوئے بچوں کی تصاویر سامنے آرہی ہیں اور ہزاروں بچوں کو بے دردی سے شہید کردیا گیا۔ اس پوسٹ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

’آل آئیز آن رفح‘ مہم کیا ہے؟

غزہ کے علاقے رفح میں پناہ گزین کیمپ پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد سوشل میڈیا پر ’آل آئیز آن رفح‘ یعنی تمام نگائیں رفح پر ہیں نامی مہم نے زور پکڑ لیا ہے جس میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بلاک آؤٹ مہم بھی شروع کی گئی تھی جس میں غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف خاموشی اختیار کرنے والی معروف شوبز شخصیات کو اَن فالو کرکے ان کا بائیکاٹ کیا گیا تھا۔

بلاک آؤٹ مہم کیا ہے؟

بلاک آؤٹ مہم کا آغاز 6 مئی کو میٹ گالا کے بعد شروع ہوا جس کا مقصد مشہور شخصیات کو انسٹاگرام، ایکس اور ٹک ٹاک جیسے آمدنی کا ذریعہ بننے والے سوشل میڈیا نیٹ ورکس سے بلاک کرنا ہے۔

اس مہم کے نتیجے میں کم کارڈیشین ، ٹیلر سوئفٹ، بیونس، کائلی جینر، زینڈایا، مائلی سائرس، سیلینا گومز، آریانا گرانڈے، ڈیمی لوواٹو، کانیے ویسٹ، کیٹی پیری، زیک ایفرون، نک جونس سمیت دیگر مغربی دنیا کی مقبول شخصیات نے مختصر عرصے میں لاکھوں صارفین کھو دیئے ہیں۔

 واضح رہے گزشتہ روز پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل صحیفہ جبار نے اسرائیلی جارحیت پر خاموش رہنے والے بالی ووڈ اداکاروں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا تھا کہ مغرب میں سب لوگ فلسطینیوں کے بارے میں آواز نہ اٹھانے پر ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات پر تنقید کر رہے ہیں اور اُنہیں بلاک کر رہے ہیں تو یہاں ہم بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کے بارے میں کیا کر رہے ہیں؟

صحیفہ جبار لکھتی ہیں کہ ہمارا پڑوسی ملک، جہاں ہم کام کرنے کے خواہشمند ہیں، اور اپنے انٹرویوز میں ان کی تعریفیں کرتے ہیں ان میں سے کسی نے بھی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف بات نہیں کی۔

اداکارہ نےعوام سے مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کو ان کی سالگرہ پر مبارکبادیں دینا اور اُنہیں اہمیت دینا چھوڑ دیں کیونکہ اس وقت جب غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے تو پورا بھارت خاموش ہے۔

صحیفہ جبار نے مزید لکھا کہ بھارتی حکومت ہمارے فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر پابندی لگا چکی ہے اور ویسے بھی پچھلے چند سالوں میں ہمیں بھارت سے چند ہی اچھے پروجیکٹس کی پیشکش موصول ہوئی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اپنے کام پر توجہ دیں، بہتر فلمیں و ڈرامے بنائیں اور اپنے کام کی بھارت سے یا کسی سے بھی توثیق کروانا چھوڑ دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp