پاکستان ایک اور جدید سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کے لیے تیار

بدھ 29 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ایک اور جدید مواصلاتی سٹیلائٹ 30 مئی کو خلا میں بھیج رہا ہے، اس کا مقصد پاکستان کے دور دراز علاقوں میں تیزترین انٹرنیٹ کی فراہمی اور لوگوں کے درمیان مواصلاتی رابطہ قائم کرنا ہے۔

پاکستان کی خلائی ایجنسی سپارکو کے ڈائریکٹر امتنان قاضی نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں بتایا کہ پاکستان اپنا جدید مواصلاتی سٹیلائٹ 30 مئی کو خلا میں بھیج رہا ہے، یہ سیٹلائٹ کی وہ قسم ہے جو انسانوں کو زمین پر دور دراز علاقوں میں ایک دوسرے سے رابطہ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

ڈاکٹر امتنان قاضی نے کہا کہ ایسے سیٹلائٹ بالعموم زمین کے مدار میں 36 ہزار کلومیٹر کی بلندی پر لانچ کیے جاتے ہیں، یہ سیٹلائٹ خلا میں ایسے مدار میں گردش کرتے ہیں جو زمین کے حساب سے ساکن رہتا ہے، یہ ایک ہی جگہ پر رہ کر لوگوں کو مواصلاتی رابطہ کرنے میں مدد کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں جہاں آپٹیکل فائبر میسر نہیں ہے، جس کے باعث وہاں صحت و تعلیم کی سہولیات مہیا کرنے میں بہت مشکلات پیش آتی ہیں، یہ جدید سیٹلائٹ  پاکستان کے ان دور دراز علاقوں میں تیز ترین انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنائے گا۔

’اس سیٹلائٹ کے اندر یہ خوبی موجود ہوگی کہ وہ ٹیلی ایجوکیشن، ٹیلی ہیلتھ اور پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں مدد فراہم کرے گا۔‘

ڈائریکٹر سپارکو نے کہا کہ اس سیٹلائٹ سے نہ صرف سرکاری اداروں بلکہ ٹی وی چینلز، موبائل آپریٹرز اور انٹرنیٹ سروسز مہیا کرنے والوں کے لیے ایک بہت اچھی کنیکٹوٹی ثابت ہوگی۔

ڈاکٹر امتنان قاضی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان خلائی تحقیق میں بہت نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل رواں ماہ 3 مئی کو چین کے تعاون سے سیٹلائٹ آئی کیوب قمر 3 خلا میں بھیجا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp