بھارتی کرکٹر روہت شرما کی اہلیہ بھی ’آل آئیز آن رفح‘ مہم کا حصہ بن گئیں

بدھ 29 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کی اہلیہ ریتیکا سجدے بھی ’آل آئیز آن رفح‘ مہم کا حصہ بن گئیں اور غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ شیئر کردی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف سوشل میڈیا پر’آل آئیز آن رفح‘ فقرہ ٹرینڈ کررہا ہے جس میں دنیا بھر سے صارفین حصہ لے رہے ہیں۔ روہت شرما کی اہلیہ ریتیکا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر ’آل آئیز آن رفح‘ کی پوسٹ شیئر کی جو کافی وائرل ہورہی ہے۔

‘تمام نظریں رفح پر’ ایک جملہ ہے جو غزہ شہر میں جاری نسل کشی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ یہ جملہ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کررہا ہے۔ کئی مشہور شخصیات نے آل آئیز آن رفح کے  ہیش ٹیگ کے ساتھ فلسطینیوں کے حق میں اپنے پیغامات شیئر کیے ہیں۔ تاہم رتیکا کو فلسطین کے حق میں پوسٹ کرنے پر خوب سراہا جارہا ہے مگر بعض بھارتی شہری ایسے بھی تھے جنہوں یہ پوسٹ کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ غزہ کی پٹی اور رفح میں اسرائیلی فوج کی بہیمانہ کارروائیوں میں فلسطینیوں کی نسل کشی اور زمینی حملوں کے تناظر میں سوشل میڈیا پر ‘آل آئیز آن رفح’ یعنی ’تمام نظریں رفح پر‘ مہم اور اس میں شیئر کی گئی ایک تصویر خاصی مقبول ہوئی ہے۔ انسٹاگرام پر یہ تصویر 33 ملین سے زائد مرتبہ شیئر کی جاچکی ہے۔

اس تصویر میں خیموں کو اس ترتیب سے بنایا گیا ہے کہ ’آل آئیز آن رفح‘ لکھا ہوا واضح نظر آتا ہے۔ تصویر میں ان کیمپوں کو دکھانے کا مقصد خیمہ کیمپوں پر حالیہ اسرائیلی حملے کی مذمت کرنا بھی ہے جس میں 45 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp