نکی ہیلی نے غزہ پر گرائے جانے والے بموں پر کیا تحریر کیا؟

بدھ 29 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کی سابقہ ​​ریپبلکن صدارتی امیدوار نکی ہیلی نے غزہ اور لبنان پر گرائے جانے والے اسرائیلی بموں پر دستخطی مہم کے دوران فلسطینیوں کے خلاف انتہائی شرمناک پیغام تحریر کیا ہے

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نکی ہیلی نے منگل کو لبنان کے ساتھ اسرائیل کی شمالی سرحد اور 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کی جگہ کا دورہ کیا۔

اس دورے کے دوران اقوام متحدہ میں سابق امریکی مندوب نکی ہیلی نے غزہ پر گرائے جانے والے اسرائیلی بموں پر اپنے دستخط کے ہمراہ انتہائی ناگوار پیغام لکھا، ’انہیں ختم کردو، امریکا اسرائیل سے ہمیشہ محبت کرتا ہے۔‘

ہیلی کے اس دورے کا اہتمام اسرائیلی پارلیمنٹ کے دائیں بازو کے رکن ڈینی ڈینن نے کیا تھا۔ مذکورہ رکن پارلیمنٹ نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا، ’ میری دوست، اقوام متحدہ میں سابق امریکی سابق مندوب، نکی ہیلی نے آج شمالی سرحد پر آرٹلری پوسٹ کے دورے کے دوران ایک شیل پر یہ لکھا۔‘

اپنی پوسٹ میں ہیلی نے کہا کہ اس نے جس میزائل پر دستخط کیے وہ حماس پر حملے کے لیے تھا۔ تاہم ان کی تصاویر اور پیغام پر سوشل میڈیا صارفین نے غم و غصے کا اظہار کیا۔

بائیں بازو کے اسرائیلی گروپ، اسٹینڈنگ ٹوگیدر کے بانی، ایلون لی گرین نے ایکس پر نکی ہیلی کی تصویر اور پیغام کو نفرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکیوں کو چاہیے کہ وہ نکی ہیلی کو واپس لے جائیں۔

 

واضح رہے کہ نکی ہیلی نے اسرائیل کا دورہ ہفتے کے آخر میں رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر وحشیانہ اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد کیا، جس میں تقریباً 45 افراد شہید ہوئے تھے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

اس حملے کا عالمی سطح پر رد عمل سامنے آیا اور دنیا بھر سے مشہور شخصیات، سیاسی قائدین اور ملکوں کے سربراہان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل سے علاقے میں کارروائیاں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔

امریکی حکام نے رفح حملے کے بعد جاری تصاویر کو ’خوفناک‘ قرار دیا، لیکن امریکا شدید دباؤ کے باوجود اسرائیل کی کارروائیوں کی مذمت کرنے میں ناکام رہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے لے کر اب تک اسرائیلی حملوں میں 36 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp