اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کیس کی سماعت کرنے والے لارجز بینچ کے ایک رکن کی چھٹی پر ہونے کے باعث کیس کی سماعت آج نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں
چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کرنی تھی، بینچ کے رکن جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب آج چھٹی پر ہیں، جس کے باعث کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ توہین عدالت کیس کی آئندہ تاریخ کے لیے کاز لسٹ دوبارہ جاری کرے گی۔
واضح رہے کہ 7 مئی کو ججز کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے جسٹس محسن اختر کیانی کی جانب سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام لکھا گیا خط سامنے آیا تھا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے خط میں لکھا تھا کہ ان کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
ان کی درخواست پر عدالت نے چیف جسٹس عامر فاروق ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل لارجز بینچ تشکیل دیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس کیس کی 14 مئی کی سماعت کا تحریری حکمنامہ 25 مئی کو جاری کیا تھا، ایک صفحے پر مشتمل تحریری فیصلے میں اینکر پرسن طلعت حسین، وقاص ملک ایڈووکیٹ اور صحافی مطیع اللہ جان کو نوٹس جاری کیے گئے تھے اور حکم دیا گیا تھا کہ یہ افراد آئندہ سماعت سے پہلے اپنے جواب عدالت میں جمع کرائیں۔
تحریری فیصلے میں پیمرا کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ زیر بحث انٹرویوز کا ٹرانسکرپٹ تیار کرے اور اسے آئندہ تاریخ کو عدالت میں پیش کرے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس معاملے میں سینیئر اینکر پرسن حامد میر، صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کو عدالتی معاون مقرر کیا تھا، اسی طرح سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ احمر بلال صوفی اور سید احمد حسن شاہ ایڈووکیٹ بھی عدالت کی معاونت کررہے ہیں۔