غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک، عالمی طاقتیں مظلوم فلسطینی اور کشمیری عوام کو حق دلائیں، شہباز شریف

جمعرات 30 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے غزہ کی تازہ صورت حال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی عدالت اور اقوام متحدہ کے فیصلوں کو پامال کر رہا ہے، پاکستانی عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ مظلوم فلسطینی اور کشمیری عوام کو ان کے حقوق دلائیں۔

جمعرات کو فلسطین کی تازہ صورت حال پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ غزہ اور رفح میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور بربریت کی انتہا ہو چکی ہے، اسرائیل کے بد ترین حملے شروع ہو چکے ہیں، دن رات بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو شہید کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہزاروں گھر مسمار کر دیے گئے ہیں، ستم ظریفی یہ ہے کہ عالمی عدالت کے فیصلوں کو پامال کیا جا رہا ہے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پامال کیا جا رہا ہے، دُنیا کی کوئی طاقت اسرائیل کو اس بد ترین زیادتی اور ظلم سے باز نہیں رکھ سکی اور آج وہاں پر خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، اس دردناک منظر کو آج تک کسی آنکھ نے نہیں دیکھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مشکور ہوں عالم اسلام کا جو فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، اقوام متحدہ اور سیکیورٹی کونسل میں آواز اٹھا رہے ہیں، خلیجی ممالک میں سعودی عرب کے کراؤن پرنس اس میں سب سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت بھی شامل ہیں۔

ان یورپی ممالک کا بھی شکر گزار ہوں ،جن میں اسپین، ناروے اور آئر لینڈ شامل ہیں، جنہوں نے اسرائیل کے ظلم و جبر کے خلاف فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کی ہے، میں نے ناروے اور آئرلینڈ کے وزیراعظم کو ٹیلی فون کر کے مبارکباد دی اور اپنی اور اپنی حکومت اور 25 کروڑ عوام کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا، کہ وہ نہتے فلسطینیوں کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوئے اور ان کی آزاد حیثیت کو تسلیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین واثق ہے اس سے دیگر ممالک کو بھی حوصلہ ملے گا اور وہ بھی ان 3 ممالک کے ساتھ فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی آواز کو بلند کرتے ہوئے ان پر ہونے والے مظالم کی مذمت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے آواز بلند کریں گے۔

اللہ تعالیٰ سے سب بدست دعا ہیں کہ فلسطینی عوام پرجو ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، ان کی مشکلات ختم ہوں، اللہ جلد دوبارہ انہیں اپنے گھروں میں آباد کرے اور آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ میں مظلوم فلسطینی اور کشمیری عوام کے لیے اپنی آواز اٹھاتا رہوں گا، پاکستانی عوام کی سوچ کی عکاسی کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہوں کہ عالمی طاقتیں فلسطینی اور کشمیری عوام کو ان کے حقوق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp