گیس اینڈ آئل کمپنی کے حصص کی خریداری کا عمل مکمل، آرامکو نے پاکستانی مارکیٹ میں باضابطہ طور پر قدم رکھ دیا

جمعہ 31 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی کمپنی آرامکو نے گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ کے 40 فیصد حصص خریدنے کا عمل مکمل کرلیا اور باضاباطہ طور پر پاکستان کے پیٹرولیم شعبہ میں قدم رکھ دیا۔

آرامکو کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق، آرامکو نے دسمبر 2023 میں گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ میں 40 فیصد حصص حاصل کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جو آرامکو کی پاکستان میں پہلی ریٹیل انویسٹمنٹ تھی۔

آرامکو کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈینٹ آف پروڈکٹس اینڈ کسٹمرز یاسر مفتی نے اس موقع پر کہا کہ ہماری عالمی سطح پر ریٹیل انویسٹمنٹ میں تیزی آرہی ہے اور ’گو‘ کے حصص کا حصول ہمارے سفر میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’گو‘ کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کی بدولت ہم آرامکو کے ذریعے پاکستان میں قابل قدر صارفین کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور خدمات فراہم کرنے کے منتظر ہیں۔

یاسر مفتی کا مزید کہنا تھا، ’ہم آرامکو کے عالمی شراکت داروں کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک میں ایک اور قابل قدر اضافے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور آرامکو برینڈ کو بیرون ملک مزید فروغ دینے کے لیے اپنے وسائل اور مہارت پیش کرنے کے منتظر ہیں۔‘

واضح رہے کہ مسابقتی کمیشن نے گزشتہ ماہ کے آخر میں آرامکو کے گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ میں 40 فیصد ایکویٹی حصص کے حصول کی منظوری دی تھی۔

مسابقتی کمیشن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آرامکو نے سی سی پی میں پری مرجر درخواست دائر کی تھی، سی سی پی کے مرجر تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس حصول کے نتیجے میں متعلقہ مارکیٹ میں حصول کنندگان کا غلبہ نہیں ہوگا اس لیے اس مرجر کی اجازت دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp