پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تعلقات اور دو طرفہ ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
پاکستان میں امریکا کے سفارتی مشن کے ترجمان جوناتھن لالی کی جانب سے جمعہ کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے انسداد دہشت گردی میں تعاون، پاکستان کی اسٹرکچرل معاشی اصلاحات، سیکیورٹی، علاقائی اور اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان کے مطابق امریکی سفیر نے پاکستان کی جاری معاشی اصلاحات کے لیے امریکی حمایت کا اعادہ کیا اور معاشی تعلقات اور روابط کو بڑھانے اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے امریکا کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے توانائی، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری اور تجارت کے مواقعوں کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔