قربانی کے جانور چھیننے اور چوری ہونے کے واقعات کا سدباب کیا جائے، مریم نواز

ہفتہ 1 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ انہیں صوبے میں ایک بھی نو گو ایریا برداشت نہیں، کرائم کی شرح ہرصورت نیچے لانی ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں آئی جی پنجاب عثمان انور نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ صوبے کے 13کروڑ عوام کو جوابدہ ہیں، پولیس جرائم کنٹرول کرے، حقائق سے آنکھیں بند نہیں کی جاسکتیں۔

پولیس قربانی بھی دے رہی ہے مگر کالی بھیڑیں بھی موجود

مریم نوازشریف نے کہا ’پنجاب میں کسی جگہ پر بھی نو گو ایریا برداشت نہیں، صوبے بھر میں کرائم ریٹ ہر صورت نیچے لانا ہوگا، جرائم زیادہ ہوتو عوام حکومت کی اصلاحات اور ترقیاتی کام بھول جاتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس قربانی بھی دے رہی ہے، مگر کالی بھیڑیں بھی موجود ہیں۔ ’ پولیس کے ساتھ ہوں، فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، یونیفارم پہن کر پولیس کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے، صوبائی حکومت پولیس کو پورے وسائل مہیا کررہی ہے تاکہ اس ادارے کی کارکردگی میں کمی نہ آئے۔

صوبائی حکومت پولیس کا ہر مطالبہ پورا کررہی ہے

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے پولیس میں کارکردگی کے تجزیے اور جانچ کا نظام لارہی ہیں، بین الصوبائی اسمگلنگ روکنے کے لیے 14خصوصی چیک پوسٹ بنائی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت گاڑیوں، آلات، اسلحہ، ٹریننگ سمیت پولیس کا ہر مطالبہ پورا کررہی ہے، چیک پوسٹ پر کھڑے ہر پولیس اہلکار کی حفاظت کویقینی بنانا ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈی جی خان ماڈل پر صوبے بھر میں بجلی چوری کے سدباب کے لیے موثر کارروائی کی جائے، بجلی چوری ختم ہوگی تو لوڈشیڈنگ بھی صفر ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا’ 10 افراد کو ہجوم سے بچانے اور باحفاظت نکالنے پر آئی جی،آر پی اوسرگودھا اور ڈی پی او کو سراہتی ہوں۔‘

ڈکیتی کے واقعات میں کمی خوش آئند

مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور میں ڈکیتی کے واقعات میں 50 فیصد سے زائد کمی خوش آئند ہے، تنخواہ لے کر جانے والے مزدورں کا لُٹ جانا افسوسناک ہی نہیں، شرمناک بھی ہے، آر پی او شیخوپورہ کو ڈکیتی کے واقعات پر قابو پانے کے لئے ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

قربانی کے جانور چھیننے اور چوری ہونے کے واقعات کا سدباب کیا جائے، ڈرگز کے سدباب کے لیے مستقل بنیادوں پرایکشن جاری رکھا جائے، ہوائی فائرنگ کے واقعات کو روکنے کے لیے پولیس موثر اقدامات کرے ۔

پولیس میں سیاسی مداخلت ختم کروا دی

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ٹریفک وارڈن کی موجودگی میں روڈ بلاک ہونا انتہائی افسوسناک ہے، روڈ پر موٹر بائیک سواروں سے لین کی پابندی کرائی جائے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پولیس کے امور میں سیاسی مداخلت ختم کرادی ہے، اب پولیس کارکردگی دکھائے، ڈی پی او حضرات اپنے ڈسٹرکٹ کو کرپٹ اہلکاروں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کریں۔

 اجلاس میں پنجاب کی جیلوں میں ’بیگر بیرک‘ کے قیام کے تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

اجلاس میں سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، چیف سیکیرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹرعثمان انور، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی آپریشنز، سی سی پی او اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp