کپور حویلی، جس نے کپور خاندان کو اب تک پشاور سے جوڑے رکھا ہے

اتوار 2 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تاریخی پشاور شہر کے گنجان آباد ڈھکی منور شاہ میں واقع خستہ حال عمارت کے مرکزی دروازے کے ساتھ دیوار پر پرتھوی راج لکھا ہے جو اس حویلی کا مالک تھا۔ دھول مٹی اور خستہ حالی کے باعث مالک مکان کا نام واضح نظر نہیں آتا، تاہم خستہ حال گھر نے انڈیا منتقل ہوکر فلمی دنیا کو نامور ستارے دینے والے کپور خاندان کو پشاور سے اب بھی جوڑے رکھا ہے، جو کپور خاندان کا آبائی گھر ہے۔

کپور حویلی

قصہ خوانی بازار کے ساتھ ڈھکی منور شاہ میں 3 منزلہ خستہ حال عمارت کپور حویلی کی ہے جو انڈیا منتقلی سے قبل یہاں رہائش پذیر تھے۔ تاریخ دانوں کے مطابق اس حویلی کی تعمیر راج کپور کے والد نے کروائی تھی اور کپور خاندان کے نامور ستارے نے اسی گھر میں آنکھ کھولی تھی۔

کپور حویلی کو خیبر پختونخوا حکومت اصلی حالت میں بحال کرکے میوزیم بنانا چاہتی ہے جس میں کپور خاندان کی یاد کو زندہ رکھا جائے گا۔ جس کے لیے صوبائی حکومت نے چند سال پہلے حویلی کو اس کے پاکستانی مالک سے خرید لیا ہے۔

ششی کپور جب گھر دیکھنے آئے تو اندر نہیں جا سکے

ناصر حسین پشاور کے ڈھکی منور شاہ کے رہائشی تھے اور ان کا خاندان کپور خاندان کا پڑوسی تھا۔ ناصر حسین نے بتایا کہ کپور خاندان پشاور کے باسیوں کے دل میں بستا ہے۔ اور یہاں کے لوگ ان کا احترام کرتے ہیں۔

ناصر حسین نے بتایا کہ 1990 کی دہائی میں ششی کپور خاندان اور بالی ووڈ ستاروں کے ساتھ پاکستان آئے تو آبائی گھر آنے کی بھی خواہش کا اظہار کیا اور دن کے وقت وہ اپنا آبائی گھر دیکھنے ڈھکی منور شاہ پہنچے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے آمد کی خبر پہلے سے پھیل چکی تھی تو بہت بڑی تعداد میں لوگ ان کو دیکھنے اور استقبال کے لیے پہنچے تھے۔ جس کی وجہ سے پورے علاقے میں پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں تھی۔

’مجھے وہ دن اچھی طرح یاد ہے۔ جب وہ پہنچے تو گلی میں لوگوں کا ہجوم تھا۔ وہ کافی وقت باہر رہے اندر جانے کی کوشش کی لیکن رش کے باعث گھر کے اندر نہیں جا سکے‘۔

ناصر حسین نے بتایا کہ بہت کوششوں کے بعد بھی رش کم نہ ہوا تو پولیس نے واپس جانے کا مشورہ دیا اور وہ لوگ بھی واپس چلے گئے۔

رات کی تاریکی میں ششی کپور گھر دیکھنے آگئے

ناصر حسین نے بتایا کہ دن کے وقت رش کے باعث واپس جانے کے بعد بھی ششی کپور نے پولیس اور انتظامیہ سے گھر دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس کے بعد رات گئے وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ واپس علاقے میں پہنچے تو اس وقت مکمل خاموشی تھی اور لوگ بھی نہیں تھے۔

ناصر حسین نے بتایا کہ اس وقت گھر کی حالت بہت بہتر تھی، ششی کپور نے پورا گھر دیکھا۔ اس موقع پر علاقے کے بڑوں نے ان کے لیے کھانے کا اہتمام کیا تھا تو کپور حویلی کے مرکزی ہال میں ہی ان کے لیے کھانا لگا دیا گیا۔ ’وہ بہت زیادہ خوش تھے، گھر کی مٹی ماتھے پہ لگائی اور ساتھ بھی لے کر گئے‘۔

علاقے کے بزرگ رہائشی حاجی افضل بھی اس کی تصدیق کرتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ پشاور سے جو بھی انڈیا جاتا تھا وہ ان کے لیے مٹی لے کر جاتا تھا اور وہ اس پر بہت خوش ہوتے تھے۔

حویلی اب کس حالت میں ہے؟

حاجی افضل جو ڈھکی منور شاہ کے باسی ہیں، نے بتایا کہ کپور حویلی قدیم زمانے میں پورے علاقے کا سب سے بڑا گھر ہوتا تھا۔ جو پورے علاقے کے غم اور خوشی کا مرکز ہوا کرتا تھا۔ وقت کے ساتھ گھر خستہ حال ہو گیا ہے۔ بیرونی دیوار 3 منزلہ ہے، اس سے اوپر کچھ منزلوں کو گرا دیا گیا، جبکہ چھتیں بھی انتہائی مخدوش ہو گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی مالک سے خریداری کے بعد صوبائی حکومت نے مزید گرنے سے بچانے کے لیے چھتوں کو عارضی ستون سے سہارا دیا ہوا ہے، تاہم ابھی تک بحالی کا کام شروع نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ گھر پورے علاقے میں خوف کی علامت ہے جو آندھی، بارش اور زلزلے کے دوران گرنے کا خدشہ ہے۔

پی سی ون تیار ہے، بحالی کا کام جلد شروع ہو گا

محکمہ آثار قدیمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ فنڈز کی کمی کے باعث کپور حویلی اور دلیپ کمار ہاؤس کی بحالی تاخیر کا شکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت دونوں گھروں کو خرید چکی ہے اور یہ اب حکومتی تحویل میں ہیں۔ جنہیں بحال کرکے میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا اور آبائی خاندانوں کی یاد کو ان میں زندہ رکھا جائے گا۔

محکمے کے افسر نے بتایا کہ کپور ہاؤس پر کام 2 سے 3 ماہ کے اندر شروع ہو گا، پی سی ون مکمل ہے۔ بحالی کے بعد گھروں کو سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے کھولا جائے گا۔

مقامی رہائشی حاجی افضل کا ماننا ہے کہ دونوں گھروں کی بحالی سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ ’ابھی بھی بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح یہاں آتے ہیں اور باہر سے دیکھ کر چلے جاتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ گھروں کی بحالی سے فلمی ستاروں کا رشتہ پشاور سے جڑا رہے گا‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp