ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں گرین شرٹش کے منفرد ریکارڈز

اتوار 2 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

موجودہ دور میں ٹی20 کرکٹ سب سے مقبول فارمیٹ ہے۔ اس فارمیٹ کا آئی سی سی کا سب سے بڑا 9واں ایونٹ آج سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہوچکا ہے۔ ڈیلس کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا نے ہمسایہ ملک کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر فاتحانہ آغاز کیا ہے۔

17 فروری 2005 کو آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے مردوں کے پہلے بین الاقوامی ٹی20 میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔ جبکہ پہلا ٹی20 ورلڈکپ 2007 میں جنوبی افریقہ میں ہوا تھا جس کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ آج تک اس ٹورنامنٹ میں متعدد ریکارڈز قائم ہوئے ہیں۔ آئیے گرین شرٹس کے قائم کردہ ریکارڈز پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

سب سے زیادہ مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے والا ملک

ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان سب سے زیادہ مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے والا ملک ہے جس نے 5 مرتبہ سیمی فائنل کھیلا ہے جبکہ ابتدائی 2 ٹورنامنٹس میں پاکستان نے فائنل بھی کھیلا اور ایک میں فتح حاصل کی۔

شاہد آفری کا ریکارڈ کون توڑے گا؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کو ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا سفیر بنایا ہے۔ آفریدی ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کے سب سے یادگار لمحات کا حصہ رہے ہیں، انہوں نے 2007 کے ٹورنامنٹ میں پاکستان کو فائنل تک پہنچانے اور 2009 میں پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

شاہد آفریدی نے ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں یقیناً ناقابل شکست ریکارڈ بنا رکھا ہے، شاید ہی دنیا کا کوئی اور بلے باز ان کا ریکارڈ توڑ سکے۔ شاہد آفریدی 5 بار صفر پر آؤٹ ہو کر آج بھی صاحبِ ریکارڈ ہیں۔

سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے والی ٹیم

ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں گرین شرٹش 47 میچز میں سے 28 میں فتح حاصل کرکے زیادہ فتوحات والی ٹیمز میں دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ سری لنکا 51 میچز میں سے 31 فتوحات کے ساتھ پہلے اور بھارت 44 میچز میں سے 27 فتوحات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

وکٹوں کے لحاظ سے سب سے بڑی شکست

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ چوکرز نے پاکستان کا 130رنز کا ہدف بنا کسی نقصان کے 11.3 اوورز میں حاصل کر لیا تھا۔

اننگ میں سب سے زیادہ مجموعی اسکور

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا سب سے زیادہ اسکور 5 وکٹوں پر 201 رنز ہے جو اس نے 16 مارچ 2016 کو کلکتہ میں بنگلادیش کے خلاف بنایا تھا۔ تاہم سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ سری لنکا نے 14 ستمبر 2007 کو جوہانسبرگ میں قائم کیا تھا، جب کینیا کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے تھے۔

اننگ میں سب سے کم مجموعی اسکور

پاکستان کا سب سے کم اسکور 82 ہے جو اس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف یکم اپریل 2014 کو میرپور میں بنایا تھا۔ تاہم سب سے کم اسکور 39 رنز ہیں جو ہالینڈ نے 24 مارچ 2014 کو چٹوگرام میں سری لنکا کے خلاف بنائے تھے۔

سنگل ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز

پاکستان کے کپتان بابراعظم نے 2021 کے ایڈیشن میں 303 رنز بنا کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، تاہم ویرات کوہلی 2014 میں 319 رنز جبکہ تلک رتنے دلشان 2009 میں 317 رنز بنا چکے ہیں۔

سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ (کم از کم 10 میچز)

پاکستان کے شاہد آفریدی سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ کے حوالے سے تیسرے نمبر پر براجمان ہیں، ان کا اسٹرائیک ریٹ 154.23 تھا۔ جبکہ ڈیرن سیمی 164.12 کے ساتھ دوسرے اور سوریا کمار یادو 181.29 اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔

سب سے زیادہ وکٹیں

شاہد آفریدی 34 اننگز میں 39 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ شکیب الحسن 47 (35 اننگز) وکٹوں کے ساتھ پہلے اور الیستھ ملنگا 38 (31 اننگز) وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

بیسٹ بولنگ کا انفرادی ریکارڈ

فاسٹ بؤلر عمر گل نے 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 3 اوورز میں 6 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، یوں وہ بہترین بولنگ کے انفرادی ریکارڈ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ اجنتھا مینڈس 2012 میں زمبابوے کے خلاف 4 اوورز میں 8 رنز دے کر 6 وکٹوں کے ساتھ پہلے جبکہ رنگنا ہیراتھ 2014 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 3.3 اوورز میں 3 رنز دے کر 5 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

سب سے زیادہ اسٹمپ کرنے والے وکٹ کیپر

کامران اکمل وکٹ کے پیچھے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 اسٹمپ وکٹ کرنے والے دوسرے ریکارڈ ساز وکٹ کیپر ہیں۔ جبکہ اسی ریکارڈ میں مہندر سنگھ دھونی 32 کے ساتھ پہلے جبکہ دنیش رامدین 27 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

سب سے زیادہ رن آؤٹ کرنے والے کھلاڑی

فاسٹ بولر عمرگل 3 کھلاڑیوں کو رن آؤٹ کرکے تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ ڈین براؤو 6 رن آؤٹ کرکے پہلی اور برینڈن میکولم 4 کھلاڑیوں کو رن آؤٹ کرکے دوسری پوزیشن پر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp