بھارتی انتخابات میں بی جے پی کی ممکنہ جیت کے خلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ

منگل 4 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی انتخابات کے دوران ہندو انتہا پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ممکنہ جیت کے خلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے۔

‎کشمیری شہریوں کی بڑی تعداد بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر احتجاج میں شریک ہوئی جنہوں نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خلاف نعرے بازی کی۔

‎بینرز پر ’بھارتیہ جنتا پارٹی جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہے‘ جیسے جملے درج تھے۔

احتجاج کے شرکا نے ’قاتل قاتل مودی قاتل‘، ’قاتل قاتل بھارت قاتل‘ ’جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے‘ کے نعرے لگائے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی نے کہاکہ بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتیں جنوبی ایشیا میں دہشتگردی کا منبع ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ‎بھارتیہ جنتا پارٹی اور دیگر دہشتگرد جماعتوں کا بھارت میں دوبارہ برسرِ اقتدار آجانا پوری دنیا کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔

عزیر غزالی نے کہاکہ کشمیری عوام 10 لاکھ فوجیوں کے پہرے اور کالے قوانین کے سائے میں جعلی انتخابات کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مودی نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے خود کو دہشتگرد ثابت کیا۔

انہوں نے کہاکہ ‎بھارتیہ جنتا پارٹی ایک سازش کے تحت کشمیری نوجوانوں کو جعلی ان کاؤنٹرز میں شہید کرکے نسل کشی کررہی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شوکت جاوید میر نے کہاکہ ‎مودی ریاست جموں و کشمیر کی غالب مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازشیں کررہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ‎نریندرا مودی ہزاروں کشمیری شہریوں کو جیلوں میں بند کرکے کشمیر میں ‎جعلی جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹ رہا ہے۔ اور آزادی اظہار رائے پر پابندیاں عائد کرکے انسانی حقوق پامال کررہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp