پاک امریکا میچ: ’ یہ واحد جگہ ہے جہاں ہم امریکا کو ہرا سکتے ہیں‘

جمعرات 6 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم آج ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں اپنا پہلا میچ میزبان ملک امریکا کے خلاف کھیلے گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا جبکہ ڈیلاس کے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے میچ کا آغاز ہوگا۔

امریکا میں موجود پاکستانی میچ کے لیے کافی پرجوش ہیں اور انہوں نے پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے بڑی تعداد میں ٹکٹس خریدے ہیں۔ میچ کے حوالے سے تجزیہ کار بھی اپنی رائے دیتے نظر آتے ہیں۔

پاک امریکا میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ کا بھی ایک بیان وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں پاکستانی ٹیم کے لیے صرف یہ کہوں گا کہ کرکٹ کا میدان وہ واحد جگہ ہے جہاں ہم امریکا کو ہرا سکتے ہیں۔

محمد حفیظ کے بیان پر صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔ کوئی محمد حفیظ کے بیان سے متفق نظر آیا کہ بالکل یہ واحد جگہ ہے جہاں امریکا کو ہرایا جا سکتا ہے تو کوئی یہ کہتا نظر آیا کہ ادھر بھی پاکستان کے ہارنے کا خدشہ ہے جبکہ کئی صارفین محمد حفیظ کے بیان پر ان کو تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے۔

ایک ایکس صارف نے محمد حفیظ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بھی صرف لگتا ہے۔

عمیر نامی صارف محمد حفیظ کے بیان سے متفق نظر نہ آئے ان کا کہنا تھا کہ اس واحد جگہ پر بھی پاکستان کے ہارنے کے امکانات ہیں۔

میاں فیصل آرائیں نے محمد حفیظ کے بیان پر ان کو آڑے ہاتھوں لیا اور تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معذرت کے ساتھ آپ کے ہوتے ہوئے بھی ٹیم ایسی ہی ہوتی تھی، اپنی پرفارمنس کو بھول کر آپ اس وقت دوسروں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ صارف کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے خود اپنے پورے کیریئر میں صرف ایک سال اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔

سعد لکھتے ہیں کہ ریٹائرمنٹ کے بعد یہ سب لوگ ایسے بیان دیتے ہیں جیسے اپنے وقت میں انہوں نے ورلڈ کپ جیتے ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp