لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے زمان پارک ہنگامہ آرائی کیس میں گرفتارتحریک انصاف کے 93 کارکنان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔ جب کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں فواد چوہدری ، حماد اظہر اور فرخ حبیب کی عبوری ضمانت عدم پیشی کی بنا پر مسترد کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت کے دوران عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔
تحریک انصاف کے گرفتار 93 کارکنان کے 50، 50 ہزار کے ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کروا دیئے گئے جس پر عدالت نے کارکنان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی۔
دوسری جانب دہشت گردی دفعات کے تحت پولیس پر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری ، حماد اظہر اور فرخ حبیب عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ان کی عبوری ضمانت مسترد کر دی ۔