انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے گیارواں میچ گرینڈ پریری اسٹیڈیم، ڈیلاس میں امریکا اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا، جو امریکا نے سپر اوور میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے جیت کر ورلڈ کپ کا بڑا اَپ سیٹ کر دیا۔
امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 19 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستان کی ٹیم مقررہ 6 گیندوں پر صرف 13 رنز ہی اسکور کر سکی۔ اس سے قبل پاکستان اور امریکا کے درمیان 20 اوورز کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر ہو گیا تھا۔
مزید پڑھیں
پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے سپر اوور پھینکا، امریکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 18 رنز اسکور کیے اور پاکستان کو جیت کے لیے 19 رنز کا ہدف دیا جب کہ پاکستان کی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر مقررہ 6 گیندوں پر صرف 13 رنز اسکور کر سکی اس طرح امریکا نے 5 رنز سے میچ جیت کر ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا تاریخی اَپ سیٹ کر دیا۔
امریکا کی طرف سے سپر اوور سوربھ نیتراولکر نے پھینکا جنہوں نے دوسری ہی گیند پر افتخار احمد آؤٹ کر دیا جس کے بعد شاداب خان کریز میں اترے لیکن وہ بھی کوئی بڑا شارٹ کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
اس سے قبل 20 اوورز کے کھیل میں پاکستان نے امریکا کو 160 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں امریکا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 36 کےمجموعی اسکور پر گری جب اسٹیون ٹیلر12 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 104 کے مجموعی اسکورپر گری جب اینڈریس گوس کوحارث رؤف نے 35 رنز پر کلین بولڈ کر دیا۔
امریکا کی تیسری وکٹ 111 کے مجموعی اسکور پر گری جب مونانک پٹیل محمد عامر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے سب سے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 50 رنز اسکور کیے۔
امریکا کی طرف سے ایرون جونز نے 36 جب کہ نتیش کمار نے 14 رنز اسکور کر کے پاکستان کے ساتھ میچ کو برابر کر دیا تھا۔یوں میچ سپر اوور میں چلا گیا۔ پاکستان کی طرف سے محمد عامر، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) مینزورلڈ کپ 2024 کے گروپ اے کے میچ میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے تھے۔ امریکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کے ابتدائی 2 کھلاڑی محمد رضوان اورعثمان خواجہ 20 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔
پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ9 کے مجموعی اسکورپر گر گئی جب محمد رضوان صرف 9 رنز بنا کر سوربھ نیتراولکر کی گیند پر اسٹیون ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 14 کے مجموعی اسکورپر گری جبعثمان خان نوتھش کینجیج کی گیند پر نتیش کمار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 26 کے مجموعی اسکور پر گری جب فخر زمان 11 رنز بنا کر علی خان کی گیند پر اسٹیون ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ چوتھی وکٹ 98 کے مجموعی اسکور پرگری جب شاداب خان ایک عمدہ اننگز کھیل کر 25 گیندوں پر 40 رنز بنا کر نوتھش کینجیج کی گیند پر سوربھ نیتراولکر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 98 کے مجموعی اسکور پر گری جب اعظم خان نوتھش کینجیج کی گیند پر سوربھ نیتر اولکر کے ہاتھوں صفر پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 125 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان بابراعظم شاندار اننگز کھیلنے کے بعد 44 رنز بنا کر جسدیپ سنگھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، ساتویں وکٹ 139 کے مجموعی اسکور پر گری جب افتخاراحمد سوربھ نیتر اولکر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، شاہین شاہ آفریدی نے 23 جب کہ حارث رؤف نے 3 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
امریکا کی طرف سے نوتھش کینجیج نے 3، سوربھ نیتر اولکر نے 2 جب کہ علی خان اور جسدیپ سنگھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان پلیئنگ الیون میں بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، حارث رؤف شامل ہیں۔
امریکا پلیئنگ الیون میں اسٹیون ٹیلر، موننک پٹیل (کپتان اور وکٹ کیپر)، اینڈریز گوس، آرون جونز، نتیش کمار، کوری اینڈرسن، ہرمیت سنگھ، جسدیپ سنگھ، نوتھش کینجیج، سوربھ نیتراولکر، علی خان شامل ہیں۔