پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا ہے لہٰذا ہفتے کو یکم ذی الحج ہو گی جب کہ عید الاضحیٰ پیر 17 جون کو ہو گی۔
مزید پڑھیں
ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کراچی میں جاری تھا تاہم پشاور کی زونل کمیٹی نے چاند نظر آنے کا اعلان کردیا تھا۔ بعد ازاں مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے بھی چاند نظر آنے کا باقائدہ اعلان کردیا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس میں شامل افراد کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود تھا تاہم پشاور، اٹک، کوہاٹ، کرک، میانوالی، ٹیکسلا، مری، وغیرہ میں چاند نظر آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم ذی الحج ہفتہ 8 جون 2024 کو ہوگی۔ مولانا عبدالخبیر نے مزید کہا کہ 10 ذی الحج یعنی عید الاضحیٰ پیر 17 جون کو ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا تھا اور وہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 15 جون کو ادا کیا جائے گا جبکہ عیدالاضحیٰ 16جون کو ہو گی۔