’کھلاڑی میچ کی تیاری کی بجائے بھوکوں کی طرح شاپنگ کرتے رہے‘

پیر 10 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اداکارہ و میزبان مشی خان انڈیا سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم پر برس پڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم پہلے امریکا سے میچ ہار گئی اور اُس کے بعد بھارت کے خلاف میچ کے لیے کوئی لائحہ عمل بنانے کے بجائے ہمارے کرکٹرز بھوکوں کی طرح نیویارک کی سڑکوں پر شاپنگ کرنے نکل گئے۔

مشی خان نے کہا کہ امریکا سے شکست کے بعد ہماری ٹیم کو اپنی غلطیوں کو درست کرنے کی طرف توجہ دینی چاہیے تھی، بجائے اس کے ٹیم اپنی فٹنس پر دھیان دیتی، وہ سیر سپاٹوں کے لیے نکل گئی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ تمام کرکٹرز اپنی نیندیں پوری کریں، اپنی فٹنس پر توجہ دیں اور بھوکوں کی طرح شاپنگ پر نہ نکل جایا کریں۔

اداکارہ نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں ہدف اتنا کم تھا لیکن ہماری ٹیم ٹُک ٹُک کرتی رہی، ہمارے بلے باز ایسے کھیل رہے تھے جیسے ان کی نیند پوری نہیں ہوئی، ان سے اچھا تو گلی محلے کے کرکٹرز کھیل لیتے ہیں۔

انہوں نے سلیکشن کمیٹی پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ پاکستانی ٹیم کی سلیکشن کس نے کی ہے، یہ کس طرح کی ٹیم لے کر گئے ہیں، آپ نے پورے ملک کی بے عزتی کروا دی ہے۔

مشی خان نے کلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمارے کرکٹرز کروڑوں روپے اشتہارات سے کماتے ہیں لیکن پرفارم کچھ نہیں کرتے اور اس کے باوجود انہیں اسپانسر کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک بھارت میچ کا آغاز پاکستانی ٹیم کے حق میں ہوا تھا اور بولرز نے 19 اوورز میں بھارت کی پوری ٹیم پویلین بھیج دی تھی لیکن پھر روایت برقرار رکھتے ہوئے پاکستانی بلّے بازوں کے بلّے نہ چلے۔

پاکستانی ٹیم دوسرے میچ میں بھارت سے شکست کے بعد اگلا میچ 11 جون کو کینیڈا کے خلاف کھیلے گی جبکہ قومی ٹیم کا پہلے راؤنڈ کا آخری میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp