بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے شادی کا فیصلہ کرلیا، دلہا کون ہے؟

پیر 10 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا سے متعلق بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ وہ رواں ماہ اپنے قریبی دوست ظہیر اقبال کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی تقریب 23 جون کو ممبئی میں منعقد ہوگی جس میں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں سمیت ویب سیریز ‘ہیرامنڈی’ کی پوری کاسٹ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

گزشتہ طویل عرصے سے سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کے درمیان تعلقات قائم ہیں، میڈیا پر کئی بار دونوں کے تعلقات کی خبریں سامنے آئی ہیں لیکن دونوں نے عوامی سطح پر کبھی ایک دوسرے کے بارے میں بات نہیں کی تھی۔

لیکن سوناکشی کی سالگرہ کے موقع پر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ظہیر اقبال نے سوناکشی سنہا کے ساتھ کچھ یادگاری سیلفیاں بھی پوسٹ کیں جس پر مداحوں کا کہنا تھا کہ ظہیر اقبال کی طرف سے اس طرح کی پوسٹ ان کے تعلقات کی برملا تصدیق کر رہے ہیں۔

 ظہیر اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سوناکشی کے ساتھ کچھ یاد گار تصاویر جاری کرتے ہوئے لکھا تھا ’ کچھ تو لوگ کہیں گے، لوگوں کا کام ہے کہنا، آپ سب سے عمدہ ہو، ہمیشہ مجھ پر بھروسہ کر سکتی ہو۔ ہمیشہ آباد اور شاد رہو، آپ دنیا میں مزید جیو اُتنا جیو کہ کوئی اور نہ جیا ہو، تم ایک لمبی عمر پاؤ، ہمیشہ خوش رہو، ’مجھے تم سے پیار ہے‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ سوناکشی سنہا کا کہنا تھا کہ وہ شادی کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ شرمین سہگل کی بھی شادی ہو گئی ہے مگر میری ابھی تک شادی نہیں ہوئی۔

سوناکشی سنہا کو آخری بار سنجے لیلا بھنسالی کی سُپر ہٹ ویب سیریز ’ہیرامنڈی‘ میں دیکھا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp