گلگت بلتستان: چین کو چیری کی ایکسپورٹ کا آغاز

منگل 11 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کی چیری اپنے ذائقے کی وجہ سے مشہور ہے اور ہر ضلعے میں اس کے باغات بھی ہیں اور یہ ٹنوں کے حساب سے پاکستان کی منڈیوں میں جاتی ہے تاہم قراقرم ہائے وے کی بندش کی وجہ سے چیری اکثر راستے میں ہی خراب بھی ہوجاتی ہے اور ٹھیکے داروں کو  نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ مگر اس سال 15 ٹن چیری کی پہلی کھیپ چین کو برآمد کی گئی ہے۔

ہاشوان ٹریڈرز پرائیوٹ کمپنی نے گلگت بلتستان کی چیری کو پہلی بار چین کو ایکسپورٹ کرنا شروع کیا ہے۔

ہاشوان  ٹریڈرز کے سی ای او ہاشوان کریم نے بتایا کہ 15 ٹن چیری چین بھیجی جاچکی ہے اور دوسری کھیپ میں 20 ٹن جلد روانہ کردی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہر سال چیری مقامی زمینداروں سے ٹھیکے دار لے کر جاتے ہیں مگر زمینداروں کو فائدہ نہیں ملتا کئی بار ٹھیکہ دار پیسے دیے بغیر بھاگ جاتے ہیں جس سے زمینداروں کو نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال ہم نے بھاری قیمت پر چیری زمینداروں سے اٹھائی ہے اور زمینداروں کو ادائیگی بھی ایڈوانس میں کی ہے۔
زمیندار احسان الحق نے بتایا کہ گلگت بلتستان کی چیری دنیا بھر میں مشہور ہے مگر ہر سال چیری سستے داموں بکتی ہے کبھی ٹھیکے دار آدھے پیسے دیتے ہیں کبھی نہیں جس سے ہمیں لاکھوں روپوں کا نقصان ہوتا ہے۔

اس سال گلگت بلتستان سے چیری پہلی بار چین کو ایکسپورٹ ہورہی ہے اور امید ہے کہ اگلے سال بہتر قیمت پر فروخت ہوگی جس سے زمینداروں کو بھی بہتر معاوضہ ملے گا اور ان کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp