دنیا بھر میں مسلمان ہر سال سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے عید الاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی کرتے ہیں جس کے لیے ہر شخص کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ خوبصورت اور اچھا جانور اللّٰہ کی راہ میں قربان کرے۔ پاکستان میں بھی ہر سال لوگوں کی ایک بڑی تعداد خوبصورت، بھاری بھرکم اور نایاب نسل کے جانور قربان کرتی ہے۔
مزید پڑھیں
عیدالاضحیٰ کے موقع پر ویسے تو شہروں میں مختلف مویشی منڈیاں لگتی ہیں جہاں جا کر جانور خریدے جاتے ہیں تاہم خوبصورت اور بھاری بھرکم جانور کی قربانی کرنے والوں کے لیے ایک الگ وی آئی پی منڈی اسلام آباد کے سیکٹر آئی 15 میں لگائی جاتی ہے۔
اس منڈی کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں صرف رات کو 8 بجے رونق لگنی شروع ہوتی ہے جوکہ رات 2 بجے تک جاری رہتی ہے۔ اس میں جانور صرف چند گھنٹوں کے لیے ہی لائے جاتے ہیں اور فروخت نہ ہونے کی صورت میں انہیں ان کے مالکان واپس لے جاتے ہیں۔ اگلی شب پھر منڈی سج جاتی ہے اور یہ دن کے اوقات میں بند رہتی ہے۔
وی آئی پی منڈی میں بڑے بڑے کیٹل فارمرز نے اپنی اپنی کنوپیاں لگائی ہوتی ہیں جہاں جانوروں کو بنا سنوار کر نہایت اچھے انداز میں ڈسپلے کیا جاتا ہے اور یوں لگتا ہے جیسے وہ بیلوں کا کوئی شوروم ہو۔
قربانی کے جانوروں کی وی آئی پی منڈی کے صدر چوہدری عطاء الرحمن جٹ نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ فیملیز اور بچوں میں قربانی کے شوق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منڈی میں بہت پر سکون ماحول ہے، فیملیز گاڑی میں یا پیدل منڈی کے اندر آ سکتی ہیں اور جانور پسند کر سکتی ہیں اور اس کے علاوہ یہ بچوں کے لیے ایک تفریحی مقام بھی ہے۔
چوہدری عطاالرحمن جٹ نے کہا کہ باقی منڈیوں میں گندگی ہوتی ہے، مٹی اور گرد ہوتی ہے جبکہ یہاں روزانہ صفائی کی جاتی ہے، بیماریوں کا اسپرے کیا جاتا ہے، اس منڈی میں فیملیز اس طرح آتی ہیں کہ جیسے چھوٹی عید پر شاپنگ کے لیے بازاروں کا رخ کرتی ہیں۔
منڈی میں بیل فروخت کرنے والے فرخ کیٹل فارم کے مالک فرخ شاہد نے کہا کہ اس منڈی کی خاص بات یہ ہے کہ فیملیز یہاں آ کر تسلی سے جانوروں کو دیکھتی، پسند کرتی ہیں اور پھر خریداری کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس منڈی میں 5 لاکھ روپے سے قیمتوں کا آغاز ہوتا ہے اور یہاں کوئی چوری دھوکے یا فراڈ کا خدشہ بھی نہیں ہے اور بالکل محفوظ اور اچھی چیز کی خریداری اچھے ماحول میں ہوتی ہے۔
جانور کی خریداری کے لیے منڈی کا رخ کرنے والے شیخ ظہیر نے وی نیوز کو بتایا کہ ایسی منڈیوں کا فائدہ یہ ہے کہ یہاں صاف ستھرا ماحول ہوتا ہے، گاڑی میں بھی آپ منڈی آ کر خریداری کر سکتے ہیں اور میرا ذاتی تجربہ ہے کہ اس منڈی کے ریٹ باقی منڈیوں کے مقابلے میں انتہائی مناسب ہیں۔