کویت میں خوفناک آتشزدگی، 41 بھارتی شہری ہلاک، وزیر اعظم نریندر مودی نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

جمعرات 13 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خلیجی ملک کویت میں ایک 6 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 41 بھارتی شہری ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں دھوئیں بھر جانے سے دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئیں کیونکہ بدھ کی علی الصبح آگ لگنے کے وقت رہائشی سو رہے تھے۔

کویت میں بڑی تعداد میں بھارتی شہریوں کی ہلاکت پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، کہا جا رہا ہے کہ عمارت میں کم تنخواہ والے، بلیو کالر مزدور رہتے تھے، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق بھارتی ریاست کیرالا، تمل ناڈو اور دیگر شمالی بھارتی ریاستوں سے تھا۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت کے جنوبی احمدی گورنریٹ کے علاقے مانگاف میں عمارت کی نچلی منزل کے ایک باورچی خانے میں آگ لگ گئی۔ جس کی وجہ سے 20 سے 50 سال کی درمیانی عمر والے 41 بھارتی شہری ہلاک ہو گئے۔

کویت کے نائب وزیر اعظم شیخ فہد الیوسف الصباح، جو وزیر داخلہ بھی ہیں، نے کہا کہ آگ لگنے کا حادثہ “کمپنی اور عمارت کے مالکان کے لالچ کا نتیجہ تھا۔ یہ عمارت این بی ٹی سی گروپ نے کرائے پر لے رکھی تھی، جس کی ملکیت مبینہ طور پر ملیالی بزنس مین کے جی ابراہیم کے پاس ہے یہاں اکثر کم تنخواہ والے، بلیو کالر مزدور گنجان آباد رہائش گاہوں میں رہتے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے  لیے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ ملاقات کے فوراً بعد کویت روانہ ہوں گے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس سے پہلے کہا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کیرتی وردھن سنگھ فوری طور پر کویت کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی جاسکے اور واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کی نعشوں کی جلد واپسی کے لیے مقامی حکام کے ساتھ تعاون کیا جاسکے۔

کویت میں ہندوستان کے سفیر آدرش سویکا نے مانگاف میں واقعہ کی جگہ کے ساتھ ساتھ ان اسپتالوں کا بھی دورہ کیا جہاں متاثرین کو داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ ضروری کارروائی اور ہنگامی طبی دیکھ بھال کے لئے متعلقہ کویتی قانون نافذ کرنے والے اداروں، فائر سروس اور صحت کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

کویت میں ہندوستانی سفارت خانے کے مطابق، سفیر سویکا نے الادان اسپتال، فروانیہ اسپتال، مبارک الکبیر اسپتال اور جہرا اسپتال کا دورہ کیا جہاں 50 سے زیادہ ہندوستانی شہریوں کو داخل کیا گیا تھا۔ آگ لگنے کے مقام پر موجود ایک غیر ملکی تنظیم کے صدر نے بتایا کہ کم از کم 11 مرنے والوں کا تعلق کیرالہ سے تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp