پی ٹی آئی سے قریب سمجھے جانے والے معروف یوٹیوبر عمران ریاض خان جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے ڈسچارج کیے جانے کے بعد دوبارہ گرفتار۔
مزید پڑھیں
گزشتہ روز لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیے جانے والے معروف اینکر اور یوٹیوبر عمران ریاض خان کے خلاف امانت میں خیانت کے مقدمے میں سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹاؤن، لاہور کی عدالت میں ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے عمران ریاض کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا۔
عمران ریاض خان کو تھانہ نشتر کالونی پولیس نے ایک روزہ جسمانی مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا تھا، اس موقع پر عمران ریاض کے وکیل میاں علی اشفاق نے عدالت میں دلائل دیے جس کے بعد ماڈل ٹاؤن کچہری کے مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔
تاہم عدالت سے ڈسچارج ہونے والے عمران ریاض خان کو پولیس نے ایئر پورٹ پر کارسرکار میں مداخلت سے متعلق مقدمے میں گرفتار کرلیا۔ عمران ریاض کے خلاف یہ مقدمہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ایک اہلکار کی مدعیت میں آج ہی درج کیا تھا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے حامی سمجھے جانے والے یوٹیوبر عمران ریاض خان کو لاہور ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس روانہ ہونے والے تھے۔