احمد فرہاد شاعری کریں صحافت نہیں، چیف جسٹس آزاد کشمیر ہائیکورٹ کی تنبیہہ، ضمانت منظور

جمعہ 14 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد جموں وکشمیر ہائیکورٹ نے شاعر احمد فرہاد کی ضمانت کی درخواست 2 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض منظور کرلی ہے۔

چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر ہائیکورٹ صداقت حسین راجہ نے ریمارکس دیے کہ عدالتی نظام کی خرابی کی وجہ سے احمد فرہاد کو سزا بھگتنی پڑی، آج کل جج بھی سیاستدانوں کی طرح میڈیا کو دیکھتے ہیں کہ آج ان کی خبر نشر ہوئی کہ نہیں، پھر تاثر دیا جاتا ہے کہ آزاد کشمیر کا عدالتی نظام مضحکہ خیز ہے۔

چیف جسٹس صداقت حسین راجہ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر ایک چھوٹی سی ریاست ہے، جس کا اپنا عدالتی نظام ہے، انہوں نے نے احمد فرہاد کی بیوی کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے شوہر کو سمجھائیں کہ وہ بے شک شاعری کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کریں لیکن صحافت نہ کریں۔

آزاد کشمیر ہائیکورٹ میں احمد فرہاد کے وکیل کے ڈی خان نے عدالت میں حتمی دلائل دیے، کمرہ عدالت کے باہر ان کا کہنا تھا کہ کچھ دیر میں کورٹ آرڈر جاری ہو جائیں گے، مچلکے جمع کرانے کی صورت میں آج دفتری اوقات میں احمد فرہاد کو جوڈیشل لاک اپ سے رہا کیا جا سکتا ہے۔

شاعر احمد فرہاد گزشتہ ماہ دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتا ہوئے تھے جن کی بازیابی کے لیے ان کی اہلیہ عروج زینب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس کے بعد آزاد کشمیر پولیس نے ان کی مختلف مقدمات میں گرفتاری ظاہر کی تھی۔

جون کو مظفر آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے شاعر احمد فرہاد کی جانب سے دائر درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت کی استدعا مسترد کردی تھی۔

گرفتار کشمیری شاعر احمد فرہاد پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور نفرت آمیز پوسٹ شیئر کی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp