پاک بھارت تعلقات اہم ہیں، براہ راست بات چیت کی حمایت کرتے ہیں، امریکا

جمعہ 21 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، لیکن دونوں ممالک کو اپنے دائرہ کار اور کردار کا تعین خود کرنا ہوگا۔ تاہم، امریکا دونوں ممالک کے درمیان براہ راست بات چیت کی حمایت کرتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاک بھارت مذاکرات کی رفتار اور دائرہ کار کا تعین انہیں خود کرنا ہے، ہم بھارت، پاکستان دونوں کیساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔

میتھیو ملر نے کہا کہ علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں امریکا اور پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک امریکا عسکری رابطوں کی حمایت کرتے ہیں۔

پاکستان کے ساتھ انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ کے ذریعے سیکیورٹی سے متعلق امور پر بات کر رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں انسداد دہشتگردی صلاحیت سازی کے کئی پروگرامز شامل ہیں۔

میتھیو ملرکا مزید کہنا تھا کہ امریکا پاکستان ملٹری ٹو ملٹری مصروفیات کے سلسلے کی حمایت کرتے ہیں، انسداد دہشتگردی معاملات پر پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں، اور پاکستان کے ساتھ علاقائی سلامتی کے معاملات پر بات چیت جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا انسداد دہشتگردی کے معاملات کو بہت سنجیدہ لیتا ہے، اس معاملے میں امریکا اپنی پوری ایجنسی کے طور پر کام کرتا ہے اور باقی ممالک سے بھی تعاون کی امید کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp