عزم استحکام آپریشن: وفاقی حکومت کا ایوان میں قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس بلانے کا اعلان

اتوار 23 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ عزم استحکام آپریشن پر ایوان میں قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس بلایا جائے گا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر دفاع چاہتے تھے کہ عزم استحکام آپریشن سے متعلق ایوان میں بات کریں لیکن اپوزیشن نے ان کو بات نہیں کرنے دی۔

انہوں نے کہاکہ ایوان میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں یہ بتایا جائے گا کہ عزم استحکام آپریشن کیسے کیا جائے گا، اس اجلاس میں وزیراعظم بھی شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن نے عزم استحکام آپریشن پر وزیر دفاع کی ایک بات تک نہیں سنی، ہمارے لیے تو سب سے پہلے پاکستان ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کوئی بات تک نہیں کی، اب مشاورت نہ کرنے کا الزام کیسے لگایا جا سکتا ہے۔

وزیر قانون نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا وزیراعظم پوری کابینہ کے ساتھ ان کیمرا اجلاس میں موجود ہوگا وہ آپ کے سابق وزیراعظم کی طرح ناراض ہوکر باہر نہیں بیٹھے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز انسداد دہشتگردی کے لیے آپریشن عزم استحکام کی منظوری دی تھی۔

نیشنل ایکشن پلان سے متعلق اس اجلاس میں آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر سمیت وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے آپریشن کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے اور بتایا جائے کہ آپریشن کے اہداف کیا ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp