ریاست بے رحم ہوچکی، آپریشن عزم استحکام درحقیقت عدم استحکام آپریشن ثابت ہوگا، مولانا فضل الرحمان

پیر 24 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف آپریشن عزم استحکام درحقیقت عدم استحکام آپریشن ثابت ہوگا جو پاکستان کو مزید کمزور کرے گا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہماری تاریخ غلامی کے خلاف جنگ لڑنے کی ہے، اسٹیبلشمنٹ کو ہر شعبے میں اپنی بالادستی کو ختم کرنا ہوگا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ اس وقت ملک میں ریاست کی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے، مسلح تنظیمیں خیبرپختخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں کررہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم سب اس ملک کے برابر کے شہری ہیں، اگر آئین پر عمل نہیں کیا جائے گا تو پھر مسائل حل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ ریاست بے رحم ہوچکی ہے اور عوام کو اپنا دشمن سمجھ رہی ہے، فوجی آپریشن کا فیصلہ کوئی اور کرے گا مگر ذمہ داری سیاسی جماعتیں اٹھائیں گی، کیونکہ شہباز شریف کرسی پر تو ضرور بیٹھے ہیں مگر وزیراعظم نہیں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے دیکھا جائے کہ آج ہم کہاں کھڑے ہیں، جمہوریت اور پارلیمنٹ اپنا مقدمہ ہار چکی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کیا پاکستان اس لیے حاصل کیا گیا تھا کہ ہم غلامی کریں گے، آئین پر عمل نہیں ہوگا تو ریاست سے وفاداری کی ضمانت کوئی نہیں دے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ملک کی بقا اور استحکام کے لیے نئی راہ متعین کرنے کی ضرورت ہے، جے یو آئی پاکستان کے عوام کی جماعت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تحریک تحفظ آئین اتحاد بنانے سے قبل ہم سے مشاورت کی جاتی تو صورتحال مختلف ہوتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp