اتفاق رائے نہ ہوا تب بھی آپریشن عزم استحکام شروع ہوجائے گا، خواجہ آصف

منگل 25 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جہاں جہاں دہشتگردی کی شدت ہے چاہے وہ پنجاب ہو، بلوچستان ہو، خیبرپختونخوا ہو یا سندھ ہو ہر جگہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوں گے۔ تمام جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ہوجائے تو بہترین ہے، ورنہ اکثریت کی رائے سے آپریشن عزم استحکام شروع ہوجائے گا۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جو بھی فیصلہ ہوتا ہے اکثریت سے ہوتا ہے، یہاں بھی ایسا ہی ہوگا کہ اکثریت نے رائے دے دی تو آپریشن شروع ہوجائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف نے ابھی تک مخالفت نہیں کی، ان کا حق ہے کہ ان کو آپریش کے خدوخال کا علم ہو۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان یا دیگر جو بھی لوگ ہیں ان سے بات چیت کریں گے، امید ہے کہ تمام لوگ اس آپریشن کے لیے راضی ہوجائیں گے۔ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ آپریشن کسی اور مقصد کے لیے کیا جارہا ہے تو ایسی کوئی بات نہیں ہے، سب کو اعتماد میں لیں گے اور دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایپکس کمیٹی کی میٹنگ میں سب جماعتیں موجود تھیں، سب نے اس معاملے پر اتفاق کیا تھا، کل پرسوں ہی اس معاملے پر اختلاف سامنے آنا شروع ہوا ہے۔ یہ بات واضح کردوں کہ آپریشن تو ہونا ہے، قانونی تقاضے پورے کرنے ہیں اور پھر اس کے خدوخال بھی سامنے آجائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp