پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پابند سلاسل رکھنے کے لیے سچ کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہ سب کچھ لندن پلان کا حصہ ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رانا ثنااللہ نے کہاکہ ہم عمران خان کو اندر رکھنے کے لیے ہر طریقہ استعمال کریں گے، کیا چیف جسٹس کو یہ آواز سنائی دی؟
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ کیا چیف جسٹس کو کبھی خیال آیا کہ ایسے اشخاص کو بیانات سے روکا جائے، عمران خان بہت جلد باہر نکلے گا۔
رؤف حسن نے کہاکہ چیف جسٹس کا عہدہ عزت کےقابل ہے، لیکن ان کو اپنے کنڈکٹ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ کل اور پرسوں ایک تماشا لگا ہوا تھا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ مینڈیٹ چوروں کی عزت کی جائے، کل بار بار ججزکوسوال کرنے سے روکا جا رہا تھا۔
انہوں نے کہاکہ الیکشن میں بدترین دھاندلی کرکے پی ٹی آئی کو ہرایا گیا، کیا چیف جسٹس کو خیال آیا کہ وہ کمشنر راولپنڈی کے بارے میں معلوم کریں کہ وہ کہاں ہیں۔
رؤف حسن نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ عمران خان کو 5 سال تک جیل میں قید رکھیں۔
انہوں نے کہاکہ فوجی آپریشن کے بارے میں حکومت وقت روزانہ پینترے بدل رہی ہے، ہم خیبرپختونخوا میں ایسا کوئی آپریشن نہیں ہونے دیں گے جسے عوامی حمایت حاصل نہ ہو۔
انہوں نے کہاکہ اگر یہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ہے تو پارلیمنٹ کو پہلے ان کیمرا اعتماد میں لیا جائے، پھر ہم اس معاملے کو صوبائی اسمبلی میں لے کر جائیں گے۔