کوئٹہ میں پولیس اہکار پر سرعام تشدد کرنیوالا کون ہے اور اصل معاملہ کیا ہے؟

جمعہ 28 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے، جس میں ایک شخص ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد کرتا دِکھائی دے رہا ہے، اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی عوام میں بے چینی بڑھ گئی کہ یہ شخص کون ہے اور معاملہ کیا ہے۔

دراصل ویڈیو میں ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد کرنے والے شخص کی شناخت دانش لہڑی کے نام ہوئی ہے، جو کوئٹہ کے حلقہ پی بی 43 سے کامیاب ہونے والے ایم پی اے لیاقت لہڑی کا بھتیجا ہے۔

پولیس کے مطابق واقع سریاب تھانے کی حدود میں پیش آیا، ارباب کرم خان روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار نے دانش لہڑی جو سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی میں سوار تھا اسے رکنے کا اشارہ کیا جس پر دانش لہڑی طیش میں آگیا اور ٹریفک پولیس اہلکار پر برس پڑا۔

تھوڑی سے تلخ کلامی کے بعد دانش نے ٹریفک پولیس اہلکار پر گھونسوں کی بارش کردی، تاہم وہاں موجود افراد نے دانش لہڑی کو روکا جس کے بعد ملزم وہاں سے روانہ ہوگیا۔

واقعے کی ویڈیؤ وائرل ہوئی تو محکمہ پولیس بھی حرکت میں آگئی اور رات گئے لہڑی ہاؤس پر چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر لیا، تاہم ملزم نے واقعے پر معذرت کرلی ہے اور دونوں فریقین میں صلح کے بعد ملزم کو رہا کردیا گیا ہے

دانش لہڑی نے اپنا ویڈیو بیان بھی جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ جو واقعہ پیش آیا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ’پولیس اہلکار ہمارے بھائی ہیں جن کی عزت کرنا ہم سب پر فرض ہے، میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے پر معذرت کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 2017 میں سابق رکن اسمبلی مجید اچکزئی نے زرغون روڈ پر تیز رفتار گاڑی سے ٹریفک پولیس اہلکار کو کچل دیا تھا، تاہم عدم ثبوت کی بنا پر انہیں بری کردیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp