خواتین کی تعلیم کی مخالفت کرنے والے لوگ جہلا ہیں، چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی

اتوار 30 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیت برابری کے شہری ہیں، اقلیتوں کی املاک پر قبضہ کرنا جائز نہیں بلکہ گناہ ہے، یہ عمل آئینِ پاکستان اور قوانینِ پاکستان کی بھی خلاف ورزی ہے، اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اس کے خلاف ایکشن لے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان علما کونسل آج کل ہم دیکھ رہے ہیں کہ دین کا نام لے کر یا شریعت کے نام پر خواتین کی تعلیم یا ان کے حقوق کے حوالے سے بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، یہ پروپیگنڈا قابل مذمت ہے، اسلام کی رو سے خواتین کا احترام اور ان کے حقوق کی پاسداری، ان کی تعلیم ضروری ہے۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ اسلام کی رو سے علم حاصل کرنا ہرمسلمان مرد و عورت پر علم حاصل کرنا فرض ہے، خواتین کو وراثت میں حق دینا شریعت اسلامیہ کا حکم ہے، جولوگ بچیوں یا عورتوں کی تعلیم کی مخالفت کرتے ہیں یا ان کو وراثت میں حق نہیں دیتے، وہ جہلا ہیں، نہ وہ اسلام کے نمائندے ہیں اور نہ وہ انسانیت کے نمائندے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں پاکستان کے تمام شہریوں اور مسلمانوں کو مقررہ مجالس، کانفرنسز، اجتماعات منعقد کرنے کی حسب قانون آزادی ہے، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر کسی کو ان ایام میں اپنے پروگرام کرنے کی آزادی ہے۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما، ذاکرین، آئمہ، خطبا امت کو جوڑنے کے لیے کام کریں، کیوں کہ مختلف فتنے ابھر رہے ہیں، امت کو توڑنے کی بات ہورہی ہے، مفسدین اور تخریب کاروں پر نظر رکھ کر مقامی انتظامیہ کو اطلاع دینا سب شہریوں کی ذمہ داری ہے۔

ذرائع ابلاغ کے ادارے اپنا مثبت کردار ادا کریں

انہوں نے کہا کہ یہ امر طے شدہ ہے کہ ہر مسلک کے عالم، خطیب، ذاکر کو اپنے مسلک کے پیروکاروں کو اپنے مذاہب کے اصول و عقائد کو بیان کرنا ہے، انداز بیاں میں اس بات کا خیال رہنا چاہیے کہ تمام عالم اسلام کی مذہبی و دینی شخصیات میں سے کسی کی توہین نہ ہو، دوسروں کے نظریات و عقائد پر تنقید و طعن نہ کیا جائے۔

’ملک کے سرکاری و غیر سرکاری ذرائع ابلاغ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ محرم الحرام میں پیغام پاکستان کے مرتب کردہ ضابطہ اخلاق کی روشنی میں اس کی تشہیر کریں، وحدت و اتحاد کے پیغام کو عام کریں اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp