آزاد کشمیر: ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے 19 قیدی فرار، گارڈز کی فائرنگ سے ایک ہلاک

اتوار 30 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کی ڈسٹر کٹ جیل راولاکوٹ سے 19 قیدی  پولیس کو یرغمال بنا کر فرار ہوگئے ہیں۔ جبکہ گارڈز کی فائرنگ سے ایک قیدی ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ میں قیدیوں نے گن پوائنٹ پر پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا اور جیل سے فرار ہوگئے، فرار ہونے والوں میں غازی شہزاد سمیت انتہائی خطرناک قیدی بھی شامل ہیں۔

ایس پی باغ خرم اقبال کے مطابق قیدیوں نے پولیس پر فائرنگ بھی کی اور اس دوران گارڈز کی جوابی فائرنگ سے ایک قیدی زخمی ہوگیا تھا جو دم توڑ گیا، ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

‎یاد رہے کہ غازی شہزاد آزاد کشمیر کے ضلع سدھنوتی کے شہر پلندری کے نواحی علاقے گڑالہ کے رہائشی ہیں، وہ کچھ عرصہ پاک فوج میں بھی سروس کرچکے ہیں، بعد ازاں ایک اور عسکری تنظیم میں شامل ہوئے اور مختلف کارروائیوں میں حصہ لیا، کچھ عرصہ جیل میں رہے اور گزشتہ عام انتخابات میں انہوں نے یونائیٹڈ موومنٹ کے ٹکٹ سے پلندری شہر کے حلقے سے الیکشن لڑا۔

‎چند ماہ قبل غازی شہزاد نے پلندری میں ایک پریس کانفرنس کرکے یہ اعلان کیا تھا کہ ان کی تنظیم پلندری میں ایک تربیتی کیمپ بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے، جس کا مقصد آزادی کشمیر کے لیے تحریک چلانا، نوجوانوں کو تربیت دینا، غیر ریاستی جماعتوں کی سرگرمیاں محدود کرنا اور جن لوگوں نے لوٹ مار کی ان کا محاسبہ کرنا شامل ہے۔

پریس کانفرنس کے کچھ روز بعد جمعہ کے روز غازی شہزاد کو ہجیرہ کے قریب سے حراست میں لے لیا گیا تھا جن پر 3 ایم پی او کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جو اطلاعات کے مطابق آج جیل سے فرار ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب آئی جی جیل خانہ جات نے کہا ہے کہ راولاکوٹ جیل سے قیدیوں کے فرار کی تحقیقات کررہے ہیں۔ اور فرار قیدیوں کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp