شمالی کوریا نے ’فریڈم ایج‘ مشقوں کے جواب میں 2 بیلسٹک میزائل داغ دیے

پیر 1 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شمالی کوریا نے امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا کی 3 روزہ مشترکہ فوجی مشقوں ’فریڈم ایج‘ کے اختتام پر 2 میزائل داغ دیے۔

الجزیرہ کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے داغے گئے 2 بیلسٹک میزائلوں میں سے ایک ناکام رہا جس کے زمین پر گرنے سے ملبہ دور دور تک پھیل گیا۔

’فریڈم ایج‘ مشقیں اتوار کو ختم ہوئی تھیں جس کے اگلے روز (پیر) شمالی کوریا کی جانب سے نئے بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا گیا۔

فریڈم ایج مشقیں

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میزائل جنوب مشرقی شمالی کوریا کے شہر جنگیون سے شمال مشرقی سمت میں 10 منٹ کے فاصلے پر داغے گئے۔

فوج نے کہا کہ پہلے میزائل نے 600 کلومیٹر اور دوسرے نے 120 کلومیٹر تک پرواز کی لیکن یہ نہیں بتایا کہ وہ کہاں گرے۔ شمالی کوریا عام طور پر اپنے مشرقی پانیوں کی طرف میزائل کا تجربہ کرتا ہے لیکن دوسرے میزائل کی پرواز کا فاصلہ اس حد تک پہنچنے کے لیے بہت کم تھا۔

جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے ترجمان لی سنگ جون نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ بظاہر دوسرے میزائل میں مسائل تھے۔ جنوبی کوریا کے میڈیا نے عسکری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ دوسرا میزائل شمالی کوریا کے اندرونی علاقے میں گر کر تباہ ہوا جب کہ پہلا میزائل ملک کے مشرقی شہر چونگجن میں سمندر میں گرا۔

گزشتہ بدھ کو شمالی کوریا نے ملٹی وار ہیڈ میزائل کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا تھا تاہم جنوبی کوریا نے اس پر یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایک ہائپر سونک میزائل لانچ کیا گیا تھا لیکن یہ کنٹرول سے باہر ہو کر پھٹ گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp