سپریم کورٹ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ بینچ نے مخصوص نشستوں پر کیس کی سماعت کی جو سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل پر براہِ راست دکھائی گئی۔ دورانِ سماعت ایک موقع پر جسٹس منصور علی شاہ کے جملے پر کمرہ عدالت قہقہوں سے گونج اُٹھا۔
دورانِ سماعت ایک موقع پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ عدالت چاہتی جس سیاسی جماعت کا جو حق ہے اسے ملے، کسی کو کم یا زیادہ سیٹیں نہ چلی جائیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ حق کیا ہے؟ سپریم کورٹ نے تو آئین کو دیکھنا ہے۔
مزید پڑھیں
چیف جسٹس کے ریمارکس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کاش میرا دماغ بھی چیف جسٹس جیسا ہوتا، پڑھتے ہی سب کچھ سمجھ جاتا لیکن میں عام آدمی ہوں۔ اس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آئین لوگوں کے لیے بنائے جاتے ہیں، وکلا اور ججز کے لیے نہیں، آئین عوام کی پراپرٹی ہے، آئین ایسے بنایا جاتا ہے تاکہ میٹرک کا طالب علم بھی سمجھ سکے۔ اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے فوراً کہا کہ چیف جسٹس صاحب! کمزور ججز کو بھی ساتھ لے کر چلیں ناں، اس جملے پر کمرہ عدالت قہقہوں سے گونج اُٹھا۔